ویب ڈیسک : پاکستان سے فرار ہوکر عاشق سے شادی کرنیوالی سیما حیدر کے سابق شوہر شوہر غلام حیدر کو بھارت آنے کی اجازت مل گئی ۔
غلام حید ر نے سیما حیدر، سچن مینا اور ان کے وکیل ڈاکٹر اے پی سنگھ کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کر رکھا تھا ۔ جس پر گریٹر نوئیڈا کی عدالت نے غلام حیدر کو اپنی گواہی دینے کے لیے عدالت میں حاضر ہونے کا حکم جاری کیا ہے۔ وہ سورج پور، گوتم بدھ نگر، اتر پردیش کی سیشن عدالت میں اپنی گواہی دینے آرہے ہیں۔
غلام حیدر نے اپنے بھارتی وکیل مومن ملک کی مدد سے اپنی اہلیہ سیما حیدر، سچن مینا اور ان کے وکیل اے پی سنگھ کے خلاف گریٹر نوئیڈا کی سیشن عدالت میں ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا تھا۔ مومن ملک ہریانہ کے معروف سینئر وکیل ہیں۔ انہوں نے تصدیق کی کہ سورج پور سیشن کورٹ نے غلام حیدر کو گواہی کے لیے نوٹس جاری کیا ہے۔ غلام حیدر گواہی دینے کے لیے 10 جون کو ہندوستان آ سکتے ہیں۔ اگر عدالت ان کی گواہی قبول کر لیتی ہے تو تینوں کو کم از کم تین سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
عدالت نے غلام حیدر کو آئندہ سماعت پر 10 جون کو اپنے شواہد کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت دی ہے۔ عدالتی حکم پر غلام حیدر کے وکیل مومن ملک نے کہا کہ یہ قانونی جنگ کی بڑی ابتدائی جیت ہے۔
یاد رہے کہ صوبہ سندھ کی رہنے والی سیما حیدر 13 مئی کو نیپال کے راستے اپنے چار بچوں کے ساتھ غیر قانونی طور پر ہندوستان پہنچی تھی۔ یہاں اس نے اپنے بھارتی عاشق سچن مینا سے شادی کر لی، جس کا تعلق اتر پردیش سے ہے۔ دونوں کے ویڈیوز وقتاً فوقتاً وائرل ہوتے رہتے ہیں ۔
پس منظر
تیس سالہ پاکستانی خاتون سیما حیدر نے بتایا کہ انہیں گریٹر نوئیڈا میں رہنے والے 22 سالہ بھارتی شخص سچن مینا سے اس وقت محبت ہوگئی جب وہ کورونا وائرس کے دوران پب جی کھیل رہی تھیں۔
سیما غلام حیدر کے ساتھ پہلے ہی شادی شدہ تھی اور ان کے ساتھ 4 بچے ہیں، جن کے ہمراہ سچن کے ساتھ رہنے کے لیے سیما نے پاکستان چھوڑنے اور غیر قانونی طور پر سرحد پار کرکے بھارت میں داخل ہونے کا فیصلہ کیا۔
سیما کی سچن سے پہلی ملاقات مارچ میں نیپال میں ہوئی تھی جہاں انہوں نے ندو مذہب اختیار کر لیا تھا۔ اس جوڑے نے مبینہ طور پر ہندو رسم و رواج کے مطابق شادی کی اور پھر بچوں کے ساتھ 13 مئی کو نیپال کے راستے بھارت میں داخل ہوئے۔
چار جولائی کو سیما کو غیر قانونی طور پر بھارت میں داخل ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور اسے پناہ فراہم کرنے پر سچن اور اس کے والد کو بھی حراست میں لیا گیا تھا۔انہیں کچھ دنوں بعد ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا، تاہم بھارتی ایجنسیاں اس جوڑے سے تاحال پوچھ تاچھ کر رہی ہیں۔
سیما کے شوہر غلام، جو سعودی عرب میں کام کرتے ہیں، اپنی بیوی اور بچوں کے ساتھ دوبارہ ملنا چاہتے ہیں جبکہ سیما کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان واپس نہیں جانا چاہتی اور سچن کے ساتھ رہنا چاہتی ہے۔