سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی 16 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے

سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی 16 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے
اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بے نظیربھٹو کی 16 برسی آج ملک بھر میں نہایت عقیدت اور احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بینظیر بھٹو کی 16 ویں برسی آج ملک بھر میں نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ سابق وزیراعظم کو 2007 میں آج ہی کے دن لیاقت باغ میں جلسہ عام سے خطاب کے بعد واپس جاتے ہوئے قتل کر دیا گیا تھا۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے برسی کی مرکزی تقریب گڑھی خدا بخش بھٹو میں منعقد کی جا رہی ہے جہاں جلسے سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو، شریک چیئرمین آصف زرداری سمیت مرکزی رہنما خطاب کریں گے۔ تقریب میں شرکت کے لیے بلاول بھٹو، سابق صدر آصف علی زرداری، فریال تالپور اور آصفہ بھٹو نوڈیرو ہاؤس پہنچ گئے۔ برسی کی تقریب کا آغاز صبح 9 بجے قرآن خوانی سے ہوا ہے جب کہ جلسے کا آغاز دوپہر دو بجے مشاعرے سے ہوگا۔ دریں اثنا گذشتہ روز پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے گڑھی خدا بخش میں بینظر بھٹو کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے برسی کےانتظامات کا جائزہ بھی لیا۔ نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ جلسے کے انتظامات مکمل ہیں، اس جلسے سے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔ یاد رہے کہ سندھ کی نگراں حکومت نے بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر آج صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا تھا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔