کراچی شہر ناپرساں بن گیا، صبح سویرے 4 افراد قتل

abbasi hospital khi
کیپشن: abbasi hospital khi
سورس: google

 ویب ڈیسک : کراچی میں قاتل سرگرم ہوگئے، صبح سویرے چند گھنٹوں میں چار افراد کو قتل کر دیا گیا، قتل و غارت کے واقعات ناظم آباد، پرانی سبزی منڈی، نیوکراچی شفیق کالونی اور کورنگی مہران ٹائون میں پیش آئے ۔

 رپورٹ کے مطابق ناظم آباد میں نماز فجرکے لئے جانے والے ضعیف العمر شخص کو قتل کر دیا گیا،شفیق موڑ کے قریب ناشتہ لینے کے لئے جانے والا شخص فائرنگ کا نشانہ بنا، پرانی سبزی منڈی سے ایک شخص کی لاش ملی جبکہ کورنگی میں گھر میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔

کراچی کے علاقے ناظم آباد میں گول مارکیٹ کے قریب گھر سے فجر کی نماز ادا کرنے والے ضعیف العمر شخص  محمد اقبال کو موٹرسائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا،مقتول کے اہل خانہ کہتے ہیں انکی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی۔

ادھر پرانی سبزی منڈی کے قریب کچرا کنڈی سے نامعلوم شخص کی کمبل میں لپٹی لاش ملی جسے سینے پر گولی مار کر قتل کیا گیا ہے، مقتول کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

گبول ٹائون تھانے کی حدود شفیق کالونی میں فیکٹری کے چوکیدار 28 سالہ شبیر کو مسلح ملزمان نے اس وقت نشانہ بنایا جب وہ فیکٹری سے ناشتہ لینے نکلا تھا، رحیم یار خان سے تعلق رکھنے والا مقتول شبیر تین بچوں کا باپ تھا۔

کورنگی مہران ٹائون میں شیطان چوک کے قریب مسلح ملزمان نے گھر میں گھس کر فائرنگ کر ے 45 سالہ عبدالمجید کو موت کے گھاٹ اتار دیا، پولیس کے مطابق مقتول نے دو شادیاں کی تھی اور پہلی بیوی کے رشتہ داروں سے اسکا جھگڑا چل رہا تھا، قتل کے واقعات کی مختلف پہلوئوں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

Watch Live Public News