(ویب ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ مولا کے کرم سے میرا بانی پی ٹی آئی کے خلاف جانا کبھی حقیقت نہیں ہو سکتا۔
زلفی بخاری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ الحمدللہ اس وقت میری فیملی بالکل محفوظ ہے انہیں کوئی دباؤ ہے اور نہ ہی کوئی خطرہ ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف القادر کیس میں گواہی کا معاملہ ہے تو یہ ایک جھوٹا کیس ہے، کیس میں سابق وزیر اعظم کو سزا دینے کی کوشش کی جا رہی ہے, بانی پی ٹی آئی کے خلاف جانا یا گواہ بننا چند لوگوں کی خواہش ہو سکتی ہے لیکن یہ کبھی حقیقت نہیں ہو سکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم اس وقت ملک کا واحد سچ ہیں، جو بھی اس سچ کے خلاف گیا وہ ذلیل و رسوا ہی ہوا اور ان کا وجود تک مٹ گیا۔
— Sayed Z Bukhari (@sayedzbukhari) May 25, 2024
گذشتہ ماہ رجیم چینج میں سعودی عرب کے کردار سے متعلق شیر افضل مروت کے بیان پر زلفی بخاری نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ سعودی عرب کے بارے میں بانی پی ٹی آئی اور نہ ہی پارٹی ایسی کوئی رائے رکھتی ہے۔
زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ہمیشہ سے ہمارا قریبی برادر ملک رہا ہے اور رہے گا، سعودی عرب کبھی بھی کسی بھی صورتحال یا حالات میں ہماری مدد کرنے میں ناکام نہیں ہوا،یہاں تک کہ سعودی وفد کا حالیہ دورہ بھی اس کا ثبوت ہے، ہمارے پاس سعودی عرب کی طرف سے کسی قسم کی مداخلت پر یقین کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔