انسداد دہشت گردی اور بینکنگ کورٹ سے عمران خان کی عبوری ضمانت منظور

انسداد دہشت گردی اور بینکنگ کورٹ سے عمران خان کی عبوری ضمانت منظور
انسداددہشتگردی عدالت اور بینکنگ کورٹ نے عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کرلی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کرلی ہے ۔ عمران خان اے ٹی سی اسلام آباد میں پیش ہوئے ، انہیں عقبی دروازے سے اے ٹی سی اسلام آباد پہنچایا گیا ۔ سابق وزیر اعظم عمران خان نے تھانہ سنگجانی میں درج مقدمہ میں ضمانت کی درخواست دائر کی تھی ۔ عدالت نے اس سے قبل بھی عمران خان کی عدم حاضری پر درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی ۔ دوسری جانب بینکنگ کورٹ اسلام آباد میں عمران خان کیخلاف فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت ہوئی ۔ بینکنگ کورٹ اسلام آباد نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی درخواست ضمانت منظور کر لی گئی ہے ۔ وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 2013کی ٹرا نزکشن پر 2022 تک خاموشی کیوں رہی ہے ؟ پیسے لینا کوئی جرم نہیں ہے اگر وہ کسی بینکنگ چینل سے وصول کیے گئے ہوں،یہ کیس دستاویزی شوائد پر مبنی ہے کہ جس میں ٹیمپرنگ کا سوال ہی نہیں ہے ۔ووڈن کرکٹ کلب اور ابراج گروپ کو شامل تفتیش نہیں کیا گیا ہے ۔ پراسییکوٹر رضوان عباسی نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی ضمانت کی درخواست کی مخالفت کردی ۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو گذشتہ سماعتوں پر طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنا دی گئی تھی ۔ گذشتہ سماعتوں پر پراسیکیوشن نے عمران خان کی حاضری سے استثنا کی مخالفت نہیں کی ہے ۔ عمران خان کی اپنی طبی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹانگ میں سوجن ہے، زخم نہیں ہے ۔ پراسیکیوٹر نے بتایا کہ عمران خان کو اتنی ضمانتیں ملی ہیں کہ ریڈر بھی ضمانتوں کی تعداد بھول گیا ہے ۔ پروسیکیوٹر نے عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست خارج کرنے کی استدعا کردی ہے ۔ بینکنگ کورٹ کی جج رخشدہ شاہین نے ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کیس کی سماعت میں 20 منٹ وقفہ کردیا تھا ۔ سماعت دوبارہ شروع ہونے پر بینکنگ کورٹ نے پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کو کمرہ عدالت میں طلب کیا ۔ عمران خان بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے جس کے بعد عدالت نے ان کی عبوری ضمانت منظور کر لی ۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان 4 مختلف مقدمات میں پیشی کیلئے اسلام آباد پہنچے ہیں ۔ عمران خان کی پیشی کے موقع پر بدںطمی دیکھنے میں آئی ۔ پی ٹی آئی کارکنان جوڈیشل کمپلیکس کے احاطے میں داخل ہو گئے۔پی ٹی آئی کارکنان جوڈیشل کمپلیکس میں کیمرے بھی توڑ ڈالے ۔ چیئرمین پی ٹی آئی لاہور میں اپنی رہائش گاہ زمان پارک سے بذریعہ سڑک اسلام آباد پہنچے ، اس سے قبل عمران خان نے طیارے سے جانا تھا تاہم بعد ازاں روانگی کا پروگرام تبدیل کرکے بذریعہ موٹروے ہی جانےکا فیصلہ کیا گیا ۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان انسداد دہشت گردی، بینکنگ کورٹ سمیت سیشن عدالت کے 2 کیسز زیر سماعت ہیں ۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔