ویب ڈیسک: مسلم لیگ ن کے مشترکہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک اب مزید کسی تجربے کا متحمل نہیں ہوسکتا، تبدیلی لانے والوں نے ملک کا بیڑہ غرق کردیا۔ اب انتشار نہیں اتحاد کی ضرورت ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ جس میں قائد ن لیگ نواز شریف نے اعلان کیا کہ شہباز شریف وزیراعظم ہوں گے جبکہ سردار ایاز صادق اسپیکر قومی اسمبلی ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی نے ملک کو مشکلات سے نکالنے میں قیادت کا ہر قدم پر ساتھ دینے کے عزم کو دہرایا۔ وفاقی کابینہ کی تشکیل سمیت تمام فیصلوں کا اختیار پارٹی قیادت کو سونپ دیا گیا۔ پارلیمانی پارٹی نے ملک کی بہتری، عوام کی خوشحالی اور ترقی کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرادی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارلیمانی پارٹی نے جمہوریت کی بالادستی، پارلیمان کے استحکام کے لئے کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملک اور قوم کو ملکر مشکلات سے نکالنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
پارٹی اجلاس میں نوازشریف نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ ملک ترقی کے راستے پہ گامزن تھا کہ پٹڑی سے اتار دیا گیا۔ ن لیگ نے پہلے بھی ملک اور قوم کی بہتری کے لئے کام کیا۔ پاکستان کو بھنور سے نکالنے کے لئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
لیگی قائد نے کہا کہ شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو واپس پٹڑی پر چڑھائیں گے۔ تبدیلی لانے والوں نے ملک کا بیڑہ غرق کیا،اسے دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہو گا۔ ملک اب مزید کسی تجربے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ پاکستان کو انتشار کی نہیں،اتحاد کی ضرورت ہے۔ پاکستان کو تبدیلی کی نہیں تعمیری سیاست کی ضرورت ہے۔
ن لیگ کے صدر شہباز شریف کا بڑے بھائی سے اظہار تشکر:
شہباز شریف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میری خواہش تھی کہ میاں نواز شریف وزیراعظم کے طور پر آئیں لیکن وہ نہیں مانے۔ پارٹی نے جب بھی جو ذمہ داری دی اسے احسن طریقے سے نبھانے کی کوشش کی۔ پی ڈی ایم حکومت میں بھی ملک کو مشکلات سے نکالا۔
ان کا کہنا تھا کہ نو مئی والوں نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا تھا۔ پی ڈی ایم حکومت نے انتہائی جانفشانی سے ملک کے لئے کام کیا۔ پاکستان کو واپس اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے،سب کو محنت کرنا ہو گی۔
مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ختم ہوگیا۔