(ویب ڈیسک) گزشتہ روز سوشل میڈیا پر عالمی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان کی ایسی ویڈیو وائرل ہوئی جس نے ان کے فینز سمیت دیکھنے والوں کو سوچنے پر مجبور کردیا کہ وہ ایسا کیوں کیسے کرسکتے ہیں، اس پر فیمس ایکٹرس مشی خان کا بھی سخت موقف آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق راحت فتح علی خان نے نہ صرف پاکستان شوبز انڈسٹری میں اپنی آواز کا جادو جگا بلکہ بالی ووڈ کی متعدد فلموں میں بھی ان کے سونگزسپرہٹ ہوئے ہیں مگر گذشتہ روز جو انکی ویڈیو وائرل ہوئی اس سے ان کے مداح اور دیکھنے والے سب افسردہ ہوئے، ویڈیو میں وہ اپنے ملازم کو پیر صاحب کے دم کیے ہوئے پانی کی بوتل کے گم ہو جانے پر بے دردی سے تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
راحت کی اس ویڈیو پر پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سلیبرٹیز بھی سامنے آچکی ہیں جو انکے اس عمل کو ناپسند قرار دے رہی ہیں، اداکارہ مشی خان نے بھی راحت فتح علی خان کی وائرل ویڈیو پر انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا، انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر مشی خان نے کہا کہ راحت فتح علی خان صاحب آپ مشہور زمانہ گلوکار ہیں، آپ کے پاس ان گنت پیسہ ہے اور آپ کی بوتل مجھے لگ رہا ہے یہ کوئی ’شہد کی بوتل‘ ہے جس کے پیچھے آپ اپنے سٹاف کو جانوروں کی طرح مار رہے ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ آپ کو شرم نہیں آتی، آپ ایسی گھٹیا حرکتیں کرتے ہیں، آپ کے پاس اتنا پیسہ ہے آپ کی جو بھی شہد کی بوتل غائب ہوئی ہے اس کے بدلے میں آپ 10 کریٹ شہد کی بوتلوں کے خرید سکتے ہیں، آپ ایک بوتل کے لئے ایسا کر رہے ہیں، یہ دل ہے آپ کا، آپ کیسے کسی کی انسانی بنیادوں پر مدد کرتے ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اللہ نے آپ لوگوں کو اتنی عزت دی ہے وہ سنبھالی نہیں جا رہی، کوئی نہ کوئی چکر آپ کا سامنے آتا رہتا ہے اور اس ویڈیو کو دیکھ کر تو میں دنگ ہی رہ گئی ہوں، آپ اتنے ظالم ہیں، شرم آنی چاہیے آپ کو۔