اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی ) نے وزیر اعظم شہباز شریف کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے روک دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان کل 29جون کو کہوٹہ میں ڈیم کا افتتاح کرنے والے تھے، مذکورہ علاقہ حلقہ PP-7راولپنڈی کی حدود میں شامل ہے۔ صوبائی الیکشن کمشنر کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر PP-7 نے وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری سے رابطہ کیا۔ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کیلئےوزیر اعظم نے ڈیم کا افتتاح منسوخ کر دیا۔پرنسپل سیکرٹری نے وزیر اعظم کا دورہ منسوخ ہونے کے بارے میں آگاہ کر دیا۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخاب والے حلقہ میں عوامی عہدیداران کا دورہ کرنا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ انتخابی شیڈول کے اعلان کے بعد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنا بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ الیکشن کمیشن غیر جانبدارانہ طورپر اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیتا رہے گا۔