سم بند کرنے کی دھمکی پر لاکھوں افراد ویکسین لگوانے پہنچ گئے

سم بند کرنے کی دھمکی پر لاکھوں افراد ویکسین لگوانے پہنچ گئے
کراچی ( پبلک نیوز)حکومت سندھ کی طرف سے کورونا ویکسین نہ لگوانے پر موبائل سم بند کرنے کی تجویز نے اپنا اثر دکھا دیا، لاکھوں لوگ گھروں سے نکل آئے،کورونا سنٹر پر ویکسین لگوانے والوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ کی طرف سے یہ عندیہ دیا گیا کہ کورونا ویکسین نہ لگوانے پر موبائل فون کی سم بھی بند کی جا سکتی ہے ، عوام نے اس خبر کو بہت سنجیدگی سے لیا اور زور و شور سے گھروں سے نکلے اور کراچی ماس ویکسی نیشن ا یکسپو سنٹر پہنچ گئے، اس سنٹر پر عوام کو 24 گھنٹوں ویکسین لگانے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ محکمہ صحت سندھ کے ترجمان کے مطابق گزشتہ روز 1 لاکھ 88 ہزار سے زائد افراد نے کورونا کی ویکسین لگوائی ، جن میں سے ایک لاکھ 35 ہزار لوگوں کو پہلی ڈوز لگائی گئی جبکہ دیگر کو دوسری ڈوز لگائی گئی ہے، لوگوں کی بڑی تعداد ویکسی نیٹ کروانے آرہی ہے۔