سرکاری سکولز کی نجکاری کیخلاف اساتذہ سراپا احتجاج، سڑکوں پر آگئے

سرکاری سکولز کی نجکاری کیخلاف اساتذہ سراپا احتجاج، سڑکوں پر آگئے
کیپشن: Teachers came to the streets in protest against the privatization of government schools

ویب ڈیسک: (سلیمان چودھری) پنجاب میں سرکاری سکولز کی نجکاری کے خلاف اساتذہ سراپا احتجاج ہیں۔ جس کے بعد اساتذہ کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل پر آئے۔ اساتذہ کی جانب سے نجکاری کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔

اساتذہ نے الزام عائد کیا کہ حکومت مخصوص لوگوں کو نوازنے کے لیے سکولز کی نجکاری کر رہی ہے۔ پہلے جو سکولز نجی شعبے کے حوالے کیے ان کا برا حال کر دیا۔ سکولز کی نجکاری سے بے روز گاری میں اضافہ ہوگا۔ 

اساتذہ کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ غریب کا بچہ ان سکولز میں پیسے دیکر پڑھے گا۔ حکومت مفت تعلیم دینے سے راہ فرار اختیار کر رہی ہے۔ سکولز کے ساتھ کالجز کی بھی نجکاری کی جا رہی ہے۔ 

اساتذہ نے انکشاف کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے انتخابات سے پہلے ہمارے مطالبات منظور کروانے کی یقین دہانی کروائی لیکن اب لیوانکیشمنٹ رولز میں ترامیم بھی واپس نہیں لی جا رہیں اور حکومت پنشن پر بھی ٹیکس نافذ کر رہی ہے۔

اسلام آباد میں پاک سیکرٹریٹ کے باہر احتجاج:

اسلام آباد کے سرکاری سکول کے اساتذہ نے پاک سیکرٹریٹ کے باہر احتجاج جاری ہے۔

اساتذہ نے مطالبہ کیا کہ آئندہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی پینشنز اور تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے۔ سرکاری اساتذہ کے تنخواہوں میں کٹوتی اور تفریق کو ختم کیا جائے۔ 

اساتذہ نے مؤقف اپنایا کہ مہنگائی کے باعث پرانی تنخواہوں پر گزارا ممکن نہیں۔ مہنگائی کے تناسب سے موجودہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے۔ احتجاجی مظاہرین میں بڑی تعداد میں خواتین اساتذہ بھی موجود ہیں۔  

اساتذہ نے اعلان کیا ہے کہ اگر مطالبات نہیں مانے گئے تو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دھرنا دیا جائے گا۔ کل سے دیگر شہروں سے بھی سرکاری اساتذہ احتجاج کے لئے اسلام آباد پہنچیں گے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنشن اصلاحات کے نام پر سرکاری ملازمین کا معاشی قتل بند کیا جائے۔ 

راولپنڈی کے لیاقت باغ میں بھی احتجاج: 

آل گورنمںٹ ایمپلائز الائنس پنجاب اور پنجاب ٹیچرز یونین نے راولپنڈی لیاقت باغ میں احتجاج کیا۔ ملازمین نے ہاتھوں میں احتجاجی بینرز اٹھا رکھے تھے۔

ملازمین نے حکومت سے لیوانکیشمنٹ اور گریجویٹی پر کٹوتی کا نوٹیفکیشن واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ سکولوں کی آؤٹ سورسنگ بند کی جائے۔ اے ای اوز اور ایس ایس ایز کو فوری طور پر ریگولر کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔ پے اینڈ سروس پروٹیکشن کے حصول کو یقینی بنایا جائے۔ آمدہ بجٹ میں مہنگائی کو مدنظر رکھتے ہوئے تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے۔

Watch Live Public News