’عنقریب گمنامی میں چلا جاؤں گا لیکن فوج سے روحانی رابطہ ہمیشہ قائم رہے گا‘

’عنقریب گمنامی میں چلا جاؤں گا لیکن فوج سے روحانی رابطہ ہمیشہ قائم رہے گا‘
راولپنڈی: سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ وہ عنقریب گمنامی میں چلے جائیں گے لیکن فوج سے روحانی رابطہ ہمیشہ قائم رہے گا۔ تقریب سے خطاب کے دوران سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو مبارک باد دی۔ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے ساتھ عمر بھر کی رفاقت کی تکمیل کے موقع پر اللہ کا شکر گزار ہوں میں کہ اس نے مجھے اس عظیم فوج میں ملازمت کا موقع دیا اور ایک بامقصد زندگی عطا کی۔ جنرل (ر) قمر باجوہ نے کہا کہ آج سے 44 سال پہلے میرا فوجی سفر شروع ہوا تھا جو کہ اب اختتام پذیر ہورہا ہے ۔ اللہ پاک کا شکر ہے کہ اس بہادر اور عظیم فوج میں نوکری کا موقع دیا اور اس کی کمان کی جو کہ ایک اعزاز کی بات ہے۔ 6 سالہ دور میں ایل او سی کے معاملات، امن و امان ، دہشتگردی یا قدرتی آفات کا مقابلہ ہو، اس فوج نے ہمیشہ میری آواز پر لبیک کہا ہے اور میں نے ان سے جہاں پسینہ مانگا تو ادھر انہوں نے خون دیا، ان کی اسی قربانیوں کی وجہ سے آج ملک امن کا گہوارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ دیر میں آرمی چیف کی کمان سنبھالنے والے جنرل عاصم منیر کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، امید ہے ان کی ترقی ملک اور فوج کی کامیابی کا باعث بنے گی، جنرل عاصم سے میری رفاقت 24 سالہ پرانی ہے، وہ حافظ قرآن ہونے کے علاوہ پیشہ ور، باصلاحیت اور اعلیٰ اصولوں کے قابل افسر ہیں، یقین ہے فوج ان کی قیادت میں نئی منازل عبور کرے گی اور ان کی تعیناتی مثبت ثابت ہوگی، خوشی ہے کہ فوج ایک مایہ ناز اور قابل افسر کے حوالے کرکے جارہا ہوں۔ سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ اپنی فوج پر فخر ہے، جو کہ کم وسائل کے باوجود سیاچن سے لے کر صحرا تک سرحدوں کی حفاظت کرتی ہے ۔ یہ رنگ نسل ، لسانیت اور مذہب کی تفریق سے بالاتر ہوکر ملک کے چپے چپے کا دفاع کرتی ہے، یقین ہے آنے والے وقت میں فوج جنرل عاصم کی قیادت میں اس سے بڑھ کر ملک کی خدمت کرے گی اور میں عنقریب گمنامی میں چلا جاؤں گا لیکن فوج کے ساتھ روحانی رابطہ ہمیشہ قائم رہے گا، جب فوج کی کا میابیاں ہوگی خوشی ہوگی اور جب فوج پر مشکل وقت آئے گا میری دعائیں آپ کے ساتھ ہوں گی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔