ڈینگی کیسز: پارکوں میں آدھی آستین کے لباس پر پابندی کا فیصلہ

ڈینگی کیسز: پارکوں میں آدھی آستین کے لباس پر پابندی کا فیصلہ
لاہور: ڈینگی کے پھلاؤ کے باعث پارکوں اور عوامی مقامات پر آدھی آستین کی قمیضیں پہننے پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر اختر ملک اور چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اورمحکمہ صحت کے حکام نے شرکت کی، تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اجلاس میں ڈینگی کی روک تھام کیلئے لائحہ عمل، سرویلنس اور مانیٹرنگ سرگرمیوں اوراعداد و شمار پر غور کیا گیا۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر ارشاد احمد نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں ڈینگی کے پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے اہم فیصلے کیے گئے۔ پارکوں اور عوامی مقامات پر آدھی آستین کی قمیضیں پہننے پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا اس کے علاوہ ڈینگی ایس او پیز کی مسلسل خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں عوامی آگاہی بڑھانے کیلئے خصوصی مہم شروع کرنے کا فیصلہ لیا گیا ۔ تعلیمی اداروں میں سیمینارز، زیر تعمیر عمارات پر بینرز آویزاں کرنے، کمیونٹی موبلائزیشن تیز کرنے کا بھی فیصلہ ہوا اور ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر بھاری جرمانے عائد کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا ۔ صوبائی وزیر اختر ملک نے ہدایت کی کہ تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز انسداد ڈینگی سرگرمیوں کی خود مانیٹرنگ کریں۔انہوں نے گوجرانوالہ میں ڈینگی کیسز کے اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کو فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ اختر ملک نے ڈینگی پر قابو پانے کے حوالے سے کہا کہ اگلے 15روز انتہائی اہم ہیں۔ محکمہ صحت کی فیلڈ ٹیمیں ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس تیز کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈینگی کے ہاٹ سپاٹس پر فوگنگ اور لاروا کی تلفی سے متعلق رپورٹ روزانہ ڈیش بورڈ پر بھجوائی جائے۔ اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری عبداللہ سنبل نے کہا کہ ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کوئی رعائیت نہ برتی جائے، ہائی رسک اضلاع میں خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کیا جائے ، ڈینگی کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششوں کو جاری رکھنا ہوگا۔ اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ ڈینگی ایکسپرٹ ٹیم نے راولپنڈی سمیت ہائی رسک اضلاع کے دورے کئے ہیں، مائیکرو پلانز کا از سر نو جائزہ بھی لیا گیا ہے۔ رواں سال 5981 کنفرم ڈینگی کیسز اور آٹھ اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر پنجاب میں 158افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور ایک ہفتے کے دوران مختلف شہروں میں 778مقدمات بھی درج کئے گئے ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔