کرونا کے بڑھتے کیسزکی شرح میں تیزی سے اضافہ

کرونا کے بڑھتے کیسزکی شرح میں تیزی سے اضافہ
پاکستان میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 3.41 فیصد ہوگئی ہے۔ این آئی ایچ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 3.41 فیصد رہی، جبکہ گذشتہ روز18ہزار813کرونا کے ٹیسٹ کیےگئے ہیں جب کہ کرونا وائرس کے 641 مزید نئے کیسیز رپورٹ ہوئے ہیں۔ این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید دو مریض انتقال کرگئے ، اور 119 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران پنجاب میں کرونا کیسزکی مثبت شرح 1.5 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔راولپنڈی میں کرونا کیسز کی مثبت شرح 1.5 فیصد، لاہور میں مثبت کیسزکی شرح 3.5 فیصد، شیخوپورہ میں 2.3 فیصد اور فیصل آباد میں 2.0 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ صحت پنجاب کے مطابق پنجاب سےگذشتہ روز 106 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور ان میں سے راولپنڈی سے 20 اور لاہور سے 71 کیسز شامل ہیں۔ خیال رہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے کرونا سے متعلق عوامی آگاہی بڑھانے اور ایس او پیز پرعملدرآمد یقینی بنایا جائے کی ہدایت کردی ہے.شہبازشریف کا کہنا ہے کہ بوسٹرڈوز، مکمل ویکسی نیشن، ماسک اور سینٹائزرکے استعمال کویقینی بنایا جائے البتہ اب ملک میں 5 تا 11 سال کی عمر کے بچوں کو بھی کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جائے گی۔ وفاقی وزیرصحت عبدالقادرپٹیل کے مطابق ملک میں کرونا کا زور کم ہوا ہے لیکن اس کی مختلف اقسام ابھی بھی موجود ہیں، جب تک کرونا موجود ہےہمیں احتیاطی تدابیراپنانا ہوں گی اور آنے والے دنوں میں مذہبی اجتماعات قریب آرہے ہیں تو اس کو بھی دیکھنا ہے ۔اب اس صورت حال میں ہمیں خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے بس احتیاط کرنی چاہیے۔ این سی او سی نے کراچی اور سندھ میں کرونا کے بڑھتے کیسز کے کو دیکھتے ہوئے کانٹیکٹ ٹریسنگ اور کرونا ٹیسٹنگ بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ قومی ادارہ صحت کی جانب سے تین روز قبل کی گئی ٹوئٹ میں یہ کہا گیا تھا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے پاکستان کے بعض شہروں میں کرونا کے بڑھتے کیسز کو دیکھتے ہوئے ریلوے ، بسوں اور اندرون ملک پروازوں میں دوران سفر عوام کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔