چوہدری شجاعت پارٹی صدر برقرار ،ق لیگ انٹرا پارٹی الیکشن غیر قانونی قرار

چوہدری شجاعت پارٹی صدر برقرار ،ق لیگ انٹرا پارٹی الیکشن غیر قانونی قرار
اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے چودھری شجاعت حسین کی برطرفی کو پارٹی آئین سے متصادم قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے چودھری شجاعت حسین کو پارٹی صدارت سے ہٹانے سے متعلق کیس کا محفوظ شدہ فیصلہ سنا دیا۔ الیکشن کمیشن نے چودھری شجاعت حسین کی برطرفی کو پارٹی آئین سے متصادم قرار دے دیا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سینٹرل ورکنگ کمیٹی کی کارروائی غیر قانونی ہے۔ الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں ق لیگ کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا جاری کردہ پارٹی الیکشن شیڈول بھی کالعدم قرار دے دیا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مسلم لیگ ق چودھری شجاعت حسین کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں پارٹی صدر برقرار رکھا ہے۔ خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ سال اگست میں فیصلہ محفوظ کیا تھا، چودھری شجاعت نے پارٹی صدارت سے ہٹانے کے خلاف الیکشن کمیشن کو درخواست دی تھی، الیکشن کمیشن نے حکم امتناع پر چودھری شجاعت حسین کو بحال کیا تھا۔ یاد رہے کہ چند روز قبل مسلم لیگ ہاؤس ڈیوس روڈ میں ق لیگ کے مشاورتی اجلاس کے دوران چودھری شجاعت حسین کی جگہ ان کے بھائی چودھری وجاہت حسین کو ق لیگ کا صدر مقرر کیا گیا تھا، اس کے علاوہ طارق بشیر چیمہ کو ہٹاکر کامل علی آغا کو پارٹی کا مرکزی سیکرٹری جنرل بنایا گیا تھا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔