(ویب ڈیسک ) موٹروے پولیس کی جانب سے ٹول پلازہ کراس کرتے ہی جہاز کو روک لیا گیا۔
اس حوالے سے موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ جہاز کی این او سی کا مسئلہ آیا ہے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی این او سی دیتی ہے، این او سی میں شے کی لمبائی اور چوڑائی متعلق تفصیلات ہوتی ہیں۔
موٹروے پولیس کا موقف ہے کہ این او سی تاحال نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو موصول نہیں ہوئی، بغیر این او سی جہاز جانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔
موٹروے پولیس کے مطابق اجازت نامہ ملنے کے بعد باقاعدہ پروٹوکول بنایا جاتا ہے، پروٹوکول کے بغیر جہاز کو جانے کی اجازت نہیں دے سکتے، جہاز کے ساتھ موٹروے کی گاڑیاں لگانا پڑیں گی، اجازت نامہ موصول ہوتے ہی جہاز کو جانے کی اجازت دی جائے گی۔
واضح رہے کہ ناکارہ بوئنگ 737 جہاز کو طویل ٹرالر کے ذریعے کراچی سے حیدرآباد روانہ کیا جارہا ہے ، 350 سیٹوں کے حامل جہازکو دس ویلر ٹرک، 40 فٹ ٹرالر پر رکھ کر منتقل کیا جارہا ہے۔
پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے تحت ناکارہ جہاز ٹرالر پر کراچی حیدرآباد موٹروے کے ذریعے منتقل کیا جارہا ہے ۔ پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ناکارہ طیارے کو ڈس مینٹل کرکے روانہ کیا جارہا ہے، جہاز کو حیدرآباد ائیرپورٹ پر پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کے ٹریننگ سینٹر میں تربیت کے لئے استعمال کیا جائےگا۔