ویب ڈیسک : مری کے علاقے علیوٹ میں لینڈ سلائیڈنگ اور چٹان سرکنے پر پاک فوج کا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن آج شام تک مکمل ہوجائے گا۔
حالیہ بارشوں کے باعث مری کے علاقے علیوٹ میں لینڈ سلائیڈنگ اور چٹان سرکنے کے واقعات پیش آئے۔ چٹان سرکنے کی وجہ سے ملحقہ آبادی میں کسی بڑے جانی و مالی نقصان کا خدشہ ہو سکتا تھا جس کے باعث پاک فوج نے ریسکیو آپریشن کیا۔
پاک فوج کے جوان، ریسکیو 1122 اور محکمہ شاہرات کے اہلکار روڈ کلیئرنس آپریشن میں مصروف عمل ہیں۔
گزشتہ شب روڈ کلیئرنس آپریشن کا آغاز مقامی آبادی کی درخواست اور صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے کیا گیا۔
روڈ کلیئرنس آپریشن کے نتیجے میں مری کوہالہ روڈ کو یک طرفہ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا تھا جبکہ روڈ پر معلق چٹان کو توڑ کر ہٹانے کا کام جاری ہے۔
پاک فوج کے انجینئرز، محکمہ شاہرات اور ریسکیو 1122 کے اہلکار بھرپور جانفشانی کے ساتھ روڈ کلیئرنس آپریشن میں مصروف عمل ہیں۔
پاک فوج اور ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ روڈ کی بحالی اور معلق چٹان کو ہٹانے کا کام آج شام تک مکمل کر لیا جائے گا۔