ویب ڈیسک: گلگت بلتستان کا 77 واں جشن آزادی آج قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، یوم آزادی پر آج گلگت بلتستان میں عام تعطیل ہے۔
جشن آزادی کے حوالے سے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، مرکزی تقریب یادگار شہدائے چنارباغ میں ہوئی جس میں گورنر گلگت بلتستان، وزیر اعلیٰ بلتستان اور فورس کمانڈر گلگت بلتستان نے پرچم کشائی کی، پولیس کے چاک وچوبند دستے نے سلامی دی۔
آرمی ہیلی پیڈ میں بھی جشن آزادی کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اعلیٰ سول و عسکری حکام شریک ہوئے۔
یکم نومبر 1947ء وہ دن جب گلگت بلتستان کو ڈوگرا راج سے آزادی ملی، گلگت بلتستان کے عوام کی جدوجہد کا مقصد پاکستان کے ساتھ الحاق تھا، گلگت اسکاؤٹس اور مقامی جانبازوں نے ڈوگرا راج کے خلاف بغاوت کرتے ہوئے مہاراجہ کے کنٹرول کا خاتمہ کر دیا۔
ڈوگرا راج کے خاتمے کے بعد گلگت کی فضاؤں میں پہلی بار پاکستانی پرچم لہرایا گیا، 1948ء میں ایک سال کی جدوجہد کے بعد بلتستان کو ہندوستان کے تسلط سے بھی آزاد کرا لیا گیا، گلگت بلتستان سیاحتی، معاشی اور ثقافتی اعتبار سے بھی اہم مقام ہے۔