’14 ماہ میں پہلی بار کورونا سے کوئی موت نہیں ہوئی‘

’14 ماہ میں پہلی بار کورونا سے کوئی موت نہیں ہوئی‘

لندن (ویب ڈیسک) کورونا وائرس نے پوری دنیا میں تباہی مچا رکھی ہے۔ عالمی وبا موت کا دوسرا نام ہے۔ کووڈ 19 کی وجہ سے ہونے والی ہلاکتوں نے ہر انسان کے دل میں ڈر بٹھا دیا ہے مگر اب اعدادوشمار نے کچھ اچھی خبر بھی سنائی ہے۔

برطانیہ میں پچھلے 14 ماہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پہلی بار کورونا سے کوئی موت نہیں ہوئی۔ برطانوی حکومت کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ گزشتہ برس مارچ سے لے کر اب تک ایسا پہلی بار ہوا ہے۔ ملک میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز 44 لاکھ 90 سے زائد ہیں جبکہ ایک لاکھ 27 ہزار 782 اموات بھی ہو چکی ہیں۔

برطانوی محکمہ صحت کے مطابق نئے کیسز کی تعداد تین ہزار سے زائد رہی مگر کوئی بھی موت نہیں ہوئی۔ کورونا وائرس کی وجہ سے برطانیہ میں 31 مئی کو اب تک کی آخری موت ہوئی ہے۔ برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ وہاں پر کورونا کیس بھارتی قسم کے سامنے آنے سے بڑھے۔

وزارت صحت نے بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کورونا کی وجہ سے نئی موت نہ ہونا پورے ملک کے لیے خوشخبری ہے۔ نئی موت کا نہ ہونا ویکسین کی کامیابی ہے۔ ویکسین لگوائیں کیونکہ یہ سب کو محفوظ رکھ رہی ہے۔ تاہم متنبہ کیا گیا ہے کہ وائرس کو مکمل طور پہ شکست نہیں ہوئی۔ اس لیے احتیاط لازمی برتیں۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔