ویب ڈیسک: وہاڑی میں افسوسناک واقعہ رونما ہوا ہے۔ جس میں ملزمان نے رانو پر بدترین تشدد کیا جس سے وہ ہلاک ہوگئی۔ پولیس نے واقعہ کی اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رانو ایک غریب مداری کی بندریا تھی۔ جس کو گزشتہ شب ملزمان نے چھین کر تشدد کے بعد ہلاک کردیا تھا۔ بے زبان جانور کے ساتھ ظالمانہ سلوک کے معاملے پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی منصور امان نے نوٹس لیا تو مقدمہ درج کرکے ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔
ڈی پی او وہاڑی منصور امان کی ہدایات پر کرتب دکھانے والے مداری ناصر سے درخواست لے کر فوری طور پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس تھانہ سٹی وہاڑی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزمان عمانول مسیح اور علی اکبر کو فوری طور پر گرفتار کر کے پابند سلاسل کر دیا۔
ڈی پی او وہاڑی منصور امان کا کہنا تھا کہ پولیس نہ صرف شہریوں بلکہ بےزبان جانوروں کے تحفظ کے لیے بھی کوشاں ہے۔ بے زبان جانوروں پر ظلم ڈھانے والے ملزمان کسی معافی کے لائق نہیں۔
مالک کی زندہ بندر چڑیا گھر سے لیجانے کی سی سی ٹی وی:
بندریا کی تشدد سے ہلاکت واقعہ میں نیا موڑ سامنے آگیا ہے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلد لائف نواز بھٹہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بندر مالک ناصر زندہ بندر چڑیا گھر سے لیکر گیا۔ جس کی سی سی ٹی وی سامنے آ گئی ہے۔ بندر مالک نے کئی گھنٹے بعد پولیس کے سامنے مردہ بندر پیش کیا۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ وائلڈ لائف نے ناصر سے اس سے قبل بھی دو بندر پکڑے تھے۔ ناصر بندر پنجرے میں چھوڑنے کے بہانے چڑیا گھر سے لیکر فرار ہو گیا۔ بندر سدھارا ہوا تھا۔ پکڑنے پر اہلکاروں پر حملہ آور ہوتا تھا۔
زوہیب بھارا سپروائزر وائلڈ لائف کا کہنا ہے کہ ناصر جرمانہ، استغاثہ سے بچنے اور بندر واپس لینے کے لئے بلیک میلنگ کر رہا ہے۔ بندر خونخوار جانور ہے۔ انسانی جان لے سکتا ہے۔ رکھنا غیر قانونی ہے۔ بندر مالک ناصر کے خلاف محکمانہ کارروائی کی ہوئی ہے۔ استغاثہ آج عدالت میں پیش کریں گے۔