(ویب ڈیسک ) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ مجھے نکالنے والے اب خود استعفے دے کر جا رہے ہیں، جسے تاحیات نا اہل کرنا چاہتے تھے وہ آپ کے سامنے کھڑا ہے۔
قائد مسلم لیگ ن اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے مری جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شدید سردی کے باوجود آپ لوگ یہاں موجود ہیں، مجھے مری سے بہت پیار ہے، یہ میرا دوسرا گھر ہے۔انہوں نے کہا کہ کئی سالوں بعد مری کے عوام سے مخاطب ہو رہا ہے مجھے مری کے عوام سے دور کردیا گیا۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ میں نے ملک سے لوڈشیڈنگ ختم کی، بجلی سستی کی، عوام کے لیے موٹرویز بنائیں، سستی روٹی دی۔انہوں نے عوام سے سوال پوچھا کہ نواز شریف کا زمانہ اچھا تھا یا یہ والا؟۔
قائد مسلم لیگ ن نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ آج ججز خود استعفے دے کر گھر جا رہے ہیں، مجھے نکال دیا گیا اور میری جگہ اس کو لائے جس نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا، کیا نوکری ملی، وہ کٹے بچے کہاں گئے؟ وہ مرغیاں، وہ انڈے کہاں گئے۔کہا کہ لوگوں کو 50 لاکھ گھر دیں گے، کسی کو گھر ملا؟۔
انہوں نے کہا کہ یہ کہتے تھے کہ یوتھ ہمارے ساتھ ہے، ان کے ساتھ کون سی یوتھ ہے، اصل یوتھ ہمارے ساتھ ہے۔ انشا اللہ مسلم لیگ (ن) آپ کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر پاکستان کی دوبارہ تعمیر کرے گی۔
یوم یکجہتی کشمیر سے متعلق بات کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ آج یوم کشمیر ہے، ہم اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، اور ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔
مریم نواز کا خطاب:
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ کل جب ہم مری آئے تو برفباری ہورہی تھی، ہم نے سوچا کہ جلسے میں کون آئے گا؟ مگر میں نے پہلی بار مری میں اتنی برفباری میں اتنا بڑا جلسہ دیکھا ہے۔انہوں نے شرکاء کو مخاطب کرتے کہا کہ میں آپ کی شکر گزار ہی نہیں ،مقروض بھی ہوگئی ہوں۔
دوران خطاب مریم نواز نے کارکنوں سے دریافت کیا کہ مری کے چپے چپے پر جو ترقی ہوئی اس پر کس کا نام لکھا ہے؟ ،انہوں نے وعدہ کیا کہ اگر آپ نے نواز شریف اور شیر کو ووٹ دیا تو مری کے ہر گھر میں گیس پہنچائیں گے، صحت کی بہترین سہولتیں دیں گے، ہم مری کو ہسپتال بنا کر دیں گے، تعلیم کی سب سے بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
مسلم لیگ ن کی سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ کچھ عرصہ قبل مری میں لوگ برف میں دب کر مرگئے مگر بے حس حکمران ان کی مدد کے لیے نہیں آئے، نواز اور شہباز شریف ہمیشہ آپ کے دکھ درد میں ساتھ کھڑے رہتے ہیں، اس الیکشن میں اس سے جواب مانگنا کہ وہ کہاں تھے جب لوگ مر رہے تھے؟۔
یوم کشمیر سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر بنے گا پاکستان، کشمیر کے ساتھ ہم سب کا دل دھڑکتا ہے۔