کنگ چارلس سوم میں کینسر کی تشخیص، شہزادہ ہیری لندن پہنچ گئے

کنگ چارلس سوم میں کینسر کی تشخیص، شہزادہ ہیری لندن پہنچ گئے
کیپشن: کنگ چارلس سوم میں کینسر کی تشخیص، شہزادہ ہیری لندن پہنچ گئے

ویب ڈیسک: گزشتہ روز کنگ چارلس سوم میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔ جس کی تصدیق شاہی محل کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کی گئی تھی۔ 

تفصیلات کے مطابق بادشاہ میں جان لیوا مرض کی تشخیص کے بعد جہاں عالمی شخصیات کی جانب سے بادشاہ کی صحت کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔ وہیں شہزادہ ہیری بھی اپنے والد کی بیماری کا سن کر سب چپقلشیں بھول گئے۔

بتایا گیا ہے کہ شہزادہ ہیری کیلیفورنیا سے 11 گھنٹے کی طویل پرواز کے بعد لندن پہنچ گئے ہیں۔ تاہم کیلیفورنیا میں سیلابی صورتحال کی وجہ سے میگھن مارکل اور ان کے دونوں بچے ہیری کے ساتھ نہیں آسکے ہیں۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہی گاڑیوں کو لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر دیکھا گیا ہے۔

ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ شہزادہ ہیری اپنے بیمار والد کے پاس سنٹرل لندن میں قیام کریں گے یا ونڈسٹر کے کاٹیج میں رہائش اختیار کریں گے۔

ماہرین کا ماننا ہے کہ کنگ چارلس سوم کی بیماری اور شہزادہ ہیری کی واپسی سے شاہی خاندان میں پڑی خلیج ختم کرنے میں مدد ملے گی۔

اس سے قبل مقامی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ ہیری کو کیلیفورنیا کے لاس اینجلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ایک نجی ٹرمینل پر آتے ہوئے دیکھا گیا تھا، جہاں وہ 2020 سے اپنی اہلیہ میگھن کے ساتھ رہ رہے ہیں۔ شہزادہ اکیلا سفر کر رہا ہے۔

صورتحال سے واقف ایک شخص نے بتایا کہ ہیری نے اپنے والد سے ان کو ہونے والی تشخیص کے بارے میں بات کی تھی۔ ہیری پچھلے تین سالوں میں اپنے والد اور بھائی سے الگ ہوچکے ہیں۔ انہوں نے 2023 میں ایک خود نوشت شائع کی جس میں شاہی خاندان پر تنقید کی گئی تھی۔