بھارت کی پہلی زیر آب میٹرو ٹرین کا افتتاح ہو گیا

بھارت کی پہلی زیر آب میٹرو ٹرین کا افتتاح ہو گیا
کیپشن: بھارت میں پانی کے اندر چلنے والی میٹرو ٹرین کا افتتاح
سورس: ویب ڈیسک

ویب ڈیسک : بھارت میں زیرآب میٹرو کا افتتاح ، بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے پہلی ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائی ۔ طلبا کے ہمراہ زیرآب ٹرین کا سفر کیا ۔

 رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کولکاتا، مغربی بنگال میں 15,400 کروڑ روپے کے مختلف پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔

 اس دوران انہوں نے ملک کی پہلی زیر آب ٹرین کو عملی طور پر جھنڈی دکھا کر روانہ کیا جس کے بعد انہوں نے کچھ بچوں کے ساتھ اس ٹرین میں سفر بھی کیا۔

 سماجی رابطے کی سائٹ پر نریندر مودی کے زیر آب میٹرو ریل سفر سے متعلق 36 سیکنڈ کا ویڈیو بھی شیئر کیا گیا۔ اس میں وہ بچوں کو ٹرین میں قریب بیٹھنے کو کہتے نظر آئے۔ اس دوران پی ایم مودی نے خوشی اور مسرت کے ساتھ بچوں کے ساتھ بات چیت کی۔

ایک سرکاری ریلیز کے مطابق، ایسٹ ویسٹ میٹرو کا 4.8 کلومیٹر طویل حصہ 4,965 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے اور ہاوڑہ میں ہندوستان کا سب سے گہرا میٹرو اسٹیشن ہوگا جو سطح زمین سے 30 میٹر نیچے۔ یہ راہداری آئی ٹی ہب سالٹ لیک سیکٹر V جیسے اہم علاقوں کو جوڑنے میں مدد کرے گی۔

اب تک دہلی میٹرو کا چاوڑی بازار میٹرو اسٹیشن سب سے گہرا تھا۔ یہ تقریباً 28 میٹر زیر زمین ہے۔ لیکن ہاوڑہ میٹرو اسٹیشن تقریباً 33 میٹر زیر زمین ہے۔ یعنی یہ میٹرو اسٹیشن 11 منزلہ عمارت کی اونچائی کے برابر گہرائی میں بنایا گیا ہے جو کہ ملک کا سب سے گہرا میٹرو اسٹیشن ہے۔

سنٹرل ریلوے کے مطابق کولکاتا میٹرو کے ایسٹ ویسٹ کوریڈور کے ہاوڑہ میدان۔ایسپلانیڈ سیکشن کا آج افتتاح کیا گیا ہے، مسافر خدمات بعد میں شروع ہوں گی۔

Watch Live Public News