کراچی ( پبلک نیوز) کورونا وائرس میں مبتلا معروف اداکارہ بشریٰ انصاری کی بہن سنبل شاہد انتقال کر گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سنبل شاہد اداکارہ بشریٰ انصاری اور اسما عباس کی بہن تھیں۔ کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد ان کو سی ایم ایچ میں داخل کرایا گیا تھا۔ وہاں کئی روز تک زیر علاج رہنے کے بعد زندگی کی بازی ہار گئیں۔
چند دن پہلے اداکارہ اسما عباس نے سوشل میڈیا پر سنبل شاہد کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ان کی حالت کافی خراب ہے۔ وہ اس وقت وینٹی لیٹر پہ ہیں۔ انھوں نے اپنے فالورز سے بہن کی صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل بھی کی تھی۔
بشریٰ انصاری نے بھی سنبل شاہد کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنی اپنی بہن کے لیے دعاؤں کی درخواست کی تھی۔ انھوں نے لکھا تھا کہ میری پیاری بہن سنبل شاہد کورونا جیسی وبا سے جنگ لڑ رہی ہے۔
خیال رہے کہ سنبل شاہد بھی پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں معروف اداکارہ کے طور پر جانی اور مانی جاتی ہیں۔ حال ہی میں نشر ہونے والے مشہور ڈرامہ سیریل نند میں بھی انھوں نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے جس مداحوں نے ان کو بہت پسند کیا۔