مسلم لیگ ن ، ایم کیو ایم کا عام انتخابات مل کر لڑنے کا اعلان

مسلم لیگ ن ، ایم کیو ایم کا عام انتخابات مل کر لڑنے کا اعلان
لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم پاکستان نے 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات مل کر لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے ملاقات کے بعد ایم کیو ایم اور مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کی۔ مسلم لیگ ن کے رہنما سعد رفیق نے کہا کہ ڈیڑھ سال قبل ایم کیوایم سے سیاسی اتحاد ہوا تب ہی آج والا اتحاد طے پاگیا تھا، 8 فروری کا الیکشن رواداری کے ماحول میں لڑنے جارہے ہیں۔ ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے کہا کہ ملک کے تمام مسائل کا حل کسی ایک جماعت کے پاس نہیں، قومی معیشت کی بات ہو یا قومی سیاست کی کراچی کا کردار اہم ہے۔ اس موقع پر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ انتخابی اتحاد وزارتوں کے لیے نہیں لوگوں کے مسائل کے حل کے لیے ہوگا،کراچی دودھ دینے والی گائے ہے تو اسے چارہ تو کھلائیں، 2013 میں کراچی کی 20 میں سے 17 نشستیں ایم کیوایم نے جیتی تھیں، ہم 2013 والی اپنی پوزیشن پر واپس جائیں گے۔ قبل ازیں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم۔ کیو۔ایم) کے وفد نے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں ، جس میں ڈاکٹر فاروق ستار اور مصطفی کمال شامل تھے، نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر چیف آرگنائزر مریم نواز، سیکریٹری جنرل احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، ایاز صادق، پرویز رشید، رانا ثنائ اللہ اور مریم اورنگزیب بھی موجود تھے۔ دونوں جماعتوں نے اتفاق کیا کہ پاکستان کے عوام کو موجودہ مسائل سے نکالنے اور پاکستان کو دوبارہ ترقی کی راہ پہ گامزن کرنے کے لئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کریں گی۔ دونوں جماعتوں نے چھ رکنی کمیٹی قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا جو صوبہ سندھ بالخصوص اس کے شہری علاقوں کے مسائل کے حل کے لئے جامع چارٹر تیار کریں گی۔ کمیٹی دونوں جماعتوں کے درمیان اشتراک کے لئے حتمی تجاویز قیادت کو 10 روز میں پیش کریں گی۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔