اسلامآباد(پبلک نیوز) بجلی کی طلب کم پیداوار زیادہ کے دعوے بے سود ثابت ہونے لگے، ملک بھر میں شدید گرمی کے ساتھ ہی شہری لوڈشیڈنگ سے اذیت کا شکار ہو گئے. جڑواں شہروں اسلام آباد ، راولپنڈی سمیت ملک بھر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ وزارت پانی و بجلی اورمتعلقہ تقسیم کار کمپنیاں بجلی کی بندش سے لاعلم ہیں. دارالحکومت سمیت چاروں صوبوں میں 6 سے 8 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے. دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے تک پہنچ گیا. وزارت پانی وبجلی کی جانب سے اعلانیہ، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر مکمل خاموشی چھائی ہوئی ہے. آئیسکو ریجن میں کنسٹرکشن ورک کے نام پر مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ جاری ہے. جنوبی پنجاب ،سندھ کے بیشتر علاقوں میں کئی کئی گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے. شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کے دعوؤں میں کوئی حقیقت نہیں اور وہ گرمی کے ساتھ لوڈ شیڈنگ کا دوہرا غذاب جھیل رہے ہیں.