ویب ڈیسک: شاعر احمد فرہاد کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا گیا ہے۔
حکمنامے کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے سیکرٹری دفاع سے پیر تک تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے حکمنامے میں لکھا ہے کہ درخواست گزار نے خاص طور پر آئی ایس آئی کو درخواست میں نامزد کیا ہے۔ سیکرٹری دفاع بتائیں اسلام آباد سے کیوں اور کیسے احمد فرہاد لاپتہ ہوئے؟ آئی ایس آئی، ایم آئی سے رپورٹس لیکر سیکرٹری دفاع رپورٹ جمع کرائیں۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے دو صفحات پر مشتمل تحریری آرڈر جاری کیا۔
حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ عدالت کو پولیس حکام نے بتایا کہ جوائنٹ انویسٹیگیشن ٹیم تشکیل دے دی۔ پولیس نے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی جیو فنسنگ کی جا رہی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ جہاں سے احمد فرہاد لاپتہ ہوا وہاں سیف سٹی کیمرے نہیں ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ لاء انفورسمنٹ ایجنسیز کو بھی خطوط لکھ دیے ہیں۔