عامر لیاقت کی پہلی برسی پر پاکستان کےشوبز فنکاروں کے پیغامات

عامر لیاقت کی پہلی برسی پر پاکستان کےشوبز فنکاروں کے پیغامات
عامر لیاقت کی پہلی برسی پر اداکارہ یمنیٰ زیدی، اینکر پرسن مایا خان، اداکار ساجد حسن اور اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ پاکستان کے نامور ٹی وی میزبان، رکن قومی اسمبلی، اسکالر عامر لیاقت کی پہلی برسی کے موقع پر پاکستان شوبز فنکاروں نے ان کے لئے دعائے مغفرت کی اور ان کے لواحقین اور چاہنے والوں کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ڈاکٹرعامر لیاقت کی سابقہ اہلیہ ڈاکٹر بشریٰ اقبال نے چند فنکاروں کے خیالات کو ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر شئیر کر دیا . پاکستان کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ افسوس ہے لوگ عامر لیاقت کو یاد کرتے ہوئے ان کی وہ تمام تر خصوصیات بھول جاتے ہیں کہ جس کی وجہ سےہی انہوں نے کافی شہرت پائی تھی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی ہم کسی کو یاد کرتے ہیں تو ہمیں چاہیے کہ ان کی اچھی باتوں کوبھی یاد رکھیں،ان کا زبان پر عبور، اور وسیع علم تھا۔ اداکار ساجد حسن کا کہنا تھا کہ عامر لیاقت انتہائی نفیس شخص تھے، بہت جلدی وہ ہمیں چھوڑ کر چلےگئے۔ اداکارہ یمنیٰ زیدی نے کہا کہ میرے کرئیر کے ابتدائی دنوں میں عامر لیاقت نے میرا انٹرویو کیا تھا جہاں میں نے عامر لیاقت کو انتہائی ذہین، حاضر جواب اور بہترین میزبان پایا ، اللہ ان کے درجات بلند فرمائے، وہ ہمیشہ بہتریں میزبان کے طور پر ہی ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ ٹی وی میزبان ندا یاسر کا کہنا تھا کہ عامر لیاقت کو ہم سے بچھڑے ہوئے ایک برس بیت گیا مگر آج بھی یقین نہیں آتا ہے ، عامر لیاقت کے ساتھ کام کرکے اندازہ ہوا تھا کہ وہ انتہائی ذہین تھے، ہر موضوع پر روانی سے بولتے، ہر کسی کو عزت دیتے تھے وہ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ خیال رہے کہ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین 9 جون 2022 کی دوپہر کو کراچی کے ایک نجی اسپتال میں اپنے خالق حقیقی سے جاملے تھے، انہیں انتہائی تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں پر ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کر دی تھی۔ عامر لیاقت اپنی موت سے قبل کچھ عرصے سے نجی زندگی میں شدید مسائل سے دوچار تھے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔