فیاض چوہان نے عظمیٰ بخاری کو کال کیوں کی؟

فیاض چوہان نے عظمیٰ بخاری کو کال کیوں کی؟
لاہور ( پبلک نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف دو حریف جماعتیں ہیں۔ خاص طور پر دونوں جماعتوں کے ترجمانوں کے درمیان چلنے والی نوک جھونک کسی طور دلچسپی سے خالی نہیں ہوتی۔ صوبائی وزیر برائے جیل خانہ جات اور پنجاب حکومت کے ترجمان فیاض الحسن چوہان کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان عظمیٰ بخاری کو کی جانے والی واٹس ایپ کال پر ایک نیا موضوع سامنے آ گیا ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے عظمیٰ زاہد بخاری کو فون کیا جس پر عظمیٰ بخاری نے فون سننے کی بجائے بند کر دیا۔ صوبائی وزیر کا فون رانا ثنا اللہ کی موجودگی میں آیا۔ سردار اویس لغاری اور میڈیا بھی اس موقع پر موجود تھا۔ کال کے حوالے سے رد عمل دیتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ میں نے عظمیٰ بخاری کو فون انہیں مبارکباد دینے کے لیے کیا تھا۔ عظمیٰ بخاری کے پاس جھوٹ بولنے، غلط اعداد و شمار اور فریب دینے کی زبدست صلاحیتیں ہیں۔ انہوں نے بہترین طریقے سے گوئبلز کی طرز پر ن لیگی بیانیے کی ترجمانی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ چودہ نکمے لیگی ترجمان اتنی کامیابی سے جھوٹ نہیں بول سکے جتنا عظمیٰ بخاری نے بولا۔ میرے بیانات کی وجہ سے ہی ن لیگی لیڈرشپ نے عظمیٰ بخاری کو پریس کانفرنس کا موقع دیا ہے۔ عظمیٰ بخاری میری کولیگ ہیں، ان سے گفت و شنید ہوتی رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عظمیٰ بخاری نے دس سال تک بڑی محنت سے ن لیگ کی کامیاب ترجمانی کی۔ مجھے دکھ ہے کہ انہیں بیگم صفدر اعوان کی سائیڈ لینے پر کھڈے لائن لگایا گیا۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔