سوات ، میرانشاہ میں امن وامان کی بگڑتی صورتحال ، جرگہ تشکیل

سوات ، میرانشاہ میں امن وامان کی بگڑتی صورتحال ، جرگہ تشکیل
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سوات ،میرانشاہ اور میر علی میں امن وامان کی بگڑتی صورت حال میں بہتری کے لئے فریقین سے بات چیت کے حوالے سے 16 رکنی جرگہ تشکیل دے دیا ہے۔ جرگہ میں خیبر پختونخواہ کی تمام سیاسی جماعتوں کی نمائندگی ہوگی، وزیر اعظم شہباز شریف نے پارلیمانی پارٹیوں کے رہنماﺅں پر مشتمل جرگہ کی باضابطہ منظوری دیدی ہے۔ 16 رکنی جرگہ میں اکرم خان درانی ،مولانا عطاءالرحمن ،امیر مقام ،مرتضی جاوید عباسی،ایمل ولی خان ،نجم الدین خان ،فیصل کریم کنڈی،سکندر خان شیر پاﺅ ،عبد اللہ ننگیال،حیدر خان ایڈووکیٹ ،بختار باچا ،فیاض خان ،ذاکر شاہ ،مولانا عطاءالحق دریش،سینیٹر مشتاق احمد اور پروفیسر محمد ابراہیم خان شامل ہیں ۔ جرگہ کا پہلا اجلاس کل جمعہ کو درانی ہاﺅس بنوں میں ہوگا، وزیر دفاع خواجہ آصف نے تمام پارلیمانی رہنماﺅں کو باضابطہ خط لکھ دیا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخواہ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی سے مشاورت کے بعد پی ڈی ایم اور دیگر پارلیمانی جماعتوں پر مشتمل ایک جرگہ تشکیل دیا ہے، جرگہ میرانشاہ،میر علی اور سابق فاٹا کے مختلف اضلاع میں امن وامان کی بگڑتی صورت حال پر احتجاج کرنے والے لوگوں کے نمائندگان سے بات چیت کرے گا۔ جرگہ میر علی میں احتجاج کے باعث بند سڑکیں اور دھرنا بھی ختم کروائے گا ، جرگہ میں پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے علاوہ اس میں پیپلز پارٹی ،اے این پی ،جماعت اسلامی اور این ڈی ایم بھی شامل ہوں گی ۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔