سلمان خان کالیجنڈی اسکرین رائٹر جوڑی سلیم خان، جاوید اختر کی دستاویزی سیریز کی ریلیز کا اعلان 

سلمان خان کالیجنڈی اسکرین رائٹر جوڑی سلیم خان، جاوید اختر کی دستاویزی سیریز کی ریلیز کا اعلان 

(ویب ڈیسک ) بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان نے   لیجنڈری اسکرین رائٹر جوڑی سلیم خان اور جاوید اختر کی دستاویزی سیریز کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔ دستاویزی سیریز 20 اگست 2024 کو پرائم ویڈیو پر نشر ہوگی۔

سلمان خان نے  فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے تجربہ کار اسکرین رائٹر جوڑی سلیم خان اور جاوید اختر کی دستاویزی سیریز کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کیا۔

انہوں نے  دستاویزی فلم کا پہلا پوسٹر جس کا آفیشل نام ’اینگری ینگ مین: دی سلیم جاوید اسٹوری‘ ہے بھی شیئر کیا۔ 

واضح  رہے کہ دستاویزی فلم پر گزشتہ 2 برس سے کام جاری تھا اور اب یہ سیریز بالآخر ریلیز کے لیے تیار ہے اور 20 اگست 2024 کو پرائم ویڈیو پر نشر ہوگی۔

انسٹاگرام پر پوسٹر شیئر کرتے ہوئے سلمان خان نے لکھا کہ سلیم خان اور جاوید اختر اینگری ینگ مین کے طور پر۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سیریز کا ٹائٹل اداکار امیتابھ بچن کی نمائندگی کرتا ہے، جسے کسی اور نے نہیں بلکہ سلیم جاوید نے ہی تخلیق کیا تھا۔

دستاویزی سیریز لیجنڈ اسکرین رائٹر جوڑی سلیم جاوید کی زندگی اور ان کے انتہائی کامیاب کیریئر اور ان کے درمیان پڑنے والی دراڑ کے بارے میں ہے۔ اینگری ینگ مین کی ہدایت کاری نمرتا راؤ نے کی ہے۔

سیریز کو سلمان خان، رتیش سدھوانی، فرحان اختر، زویا اختر اور ریما کگتی نے مشترکہ طور پر پروڈیوس کیا ہے۔ خیال رہے کہ  یہ پروجیکٹ سلیم خان کے بیٹے سلمان خان اور جاوید اختر کے بچوں فرحان اختر اور زویا اختر کے درمیان پہلا اشتراک ہے۔

Watch Live Public News