انوار الحق کاکڑ نے نگران وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

انوار الحق کاکڑ نے نگران وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
اسلام آباد: انوارالحق کاکڑ نے نگران وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نامزد نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے عہدے کا حلف اٹھا لیا،تقریب حلف برداری ایوان صدر میں ہوئی۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انوار الحق کاکڑ سے حلف لیا۔ تقریب میں سابق وزیراعظم شہباز شریف کے علاوہ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان، گورنر سندھ کامران ٹیسوری،نگراں وزیراعلی پنجاب محسن نقوی اور پی ٹی آئی سینیٹر شہزاد وسیم بھی شریک ہوئے۔ واضح رہے کہ انوار الحق کاکڑ نے پاکستان کے آٹھویں نگران وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھایا ہے۔ انوار الحق کاکڑصوبہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے دوسرے شخص ہیں‌ جنہوں‌نے عبوری وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالا ہے، اس سے قبل جسٹس ریٹائرڈ میر ہزار خان کھوسو بھی یہ ذمے داریاں نبھا چکے ہیں۔ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا تعلق قلعہ سیف اللہ سے ہے اور انہوں نے پولیٹیکل سائنس اور سوشیالوجی میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کی ہے اور وہ بلوچستان یونیورسٹی کے سابق طالب علم ہیں۔ انوار الحق کاکڑ نے 2008 میں پہلی بار پاکستان مسلم لیگ(ق) کے ٹکٹ پر کوئٹہ سٹی سے قومی اسمبلی کا انتخاب لڑا مگر کامیاب نہ ہوسکے تھے۔اس کے بعد وہ مسلم لیگ(ن) میں شامل ہوئے اور 2017 میں نواب ثنا اللہ زہری کے دور میں بلوچستان حکومت کے ترجمان مقرر ہوئے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔