سعودی وزیرِ خارجہ اور شہباز شریف کی ملاقات کی اندرونی کہانی

سعودی وزیرِ خارجہ اور شہباز شریف کی ملاقات کی اندرونی کہانی
کیپشن: Shehbaz Sharif & Saudi Foreign Minister
سورس: Web desk

ویب ڈیسک: سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور وزیر اعظم شہباز شریف کی وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات،سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آج ہی آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے بھی ملاقات کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق مہمان وزیرِ خارجہ کے وفد کے ہمراہ وزیرِ اعظم ہاؤس اسلام آباد پہنچنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر شہبازشریف کے ہمراہ وزیرخارجہ اور دیگر کابینہ ارکان بھی موجود تھے۔وزیراعظم اور سعودی وزیرخارجہ کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری پر بھی بات چیت ہوئی، ملاقات میں اتفاق ہوا کہ پاک سعودی سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے پلیٹ فارم سے کثیر الجہتی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا ۔

سعودی وزیر خارجہ نے پاکستان کے معاشی استحکام کےلیے سعودی عرب کے کلیدی کردار کی  یقین دہانی کروائی، ملاقات میں علاقائی سلامتی اور مشرق وسطی کی موجودہ کشیدہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا، ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب نےعلاقائی امن و استحکام کےلیے مربوط کوششوں پر زور دیا۔

ذرائع کے مطابق شہزادہ فیصل وزیر اعظم ہاؤس میں شہباز شریف سے ملاقات کے بعد ایوان صدر جائیں گے، جہاں صدر آصف علی زرداری اور سعودی وزیرخارجہ کی ملاقات ہو گی،سعودی وفد آج ہی ایس آئی ایف سی حکام سے ملاقات کرے گا۔

 سعودی وزیرخارجہ آج شام دفتر خارجہ بھی جائیں گے، جہاں وزیرخارجہ اسحاق ڈار کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس ہوگی،سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آج ہی آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے بھی ملاقات کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں سعودی انویسٹمنٹ کیلئے سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطح کا سعودی وفد گزشتہ روز اسلام آباد پہنچا۔

Watch Live Public News