شاہین آفریدی کی ٹیسٹ کرکٹ میں 100 وکٹیں مکمل ہوگئیں

شاہین آفریدی کی ٹیسٹ کرکٹ میں 100 وکٹیں مکمل ہوگئیں
لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی کی ٹیسٹ کرکٹ میں 100 وکٹیں مکمل ہوگئیں ہیں ۔ شاہین شاہ آفریدی کی جانب سے یہ اعزاز سری لنکا کیخلاف گال میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ میں حاصل کیا گیا ہے۔انہوں نے سری لنکا کے نشان مدوشکا کو آؤٹ کرکے 100ویں وکٹ حاصل کی۔ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی 100 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کرنے والے 19 ویں پاکستانی کھلاڑی ہیں جنہوں نے 26 ٹیسٹ میچز میں 100 ٹیسٹ وکٹوں کا سنگ میل عبور کیا۔ شاہین شاہ آفریدی نے لیجنڈ باولرز عمران خان اور وسیم اکرم کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے ، عمران خان اور وسیم اکرم نے 100 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کرنے کے لیے بالترتیب 26 اور 30 ٹیسٹ میچ کھیلے تھے ۔ خیال رہے کہ لیگ سپنر یاسر شاہ صرف 17 ٹیسٹ میں 100 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کرنے والے تیز ترین پاکستانی باولر ہیں۔سعید اجمل اور وقا ر یونس مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہیں جنہوں نے 19 میچز میں 100 وکٹیں حاصل کی تھیں ۔ محمد آصف 20 میچز میں 100 وکٹیں مکمل کرکے تیسرے، فضل محمود 22 میچز میں یہ اعزاز حاصل کرکے چوتھے جب کہ ثقلین مشتاق اور دنیش کنیریا 23،23 میچز میں 100 ٹیسٹ شکار کرکے مشترکہ طور پر 5ویں نمبر پر موجود ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔