طوفانی بارشیں، خیبر پختونخوا ، بلوچستان میں تباہی ، 33 جاں بحق

flood pak army
کیپشن: flood pak army
سورس: google

 ویب ڈیسک : بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں حالیہ بارش نے تباہی مچادی ہے، خیبرپختونخوا میں بارشوں میں مختلف حادثات کے دوران 33 لوگ اپنی جانیں گنوا بیٹھے، بلوچستان میں 9 اموات ریکارڈ کی گئیں۔

دوسری جانب بلوچستان میں سڑکیں تالاب بن گئیں، پانی گھروں میں داخل ہوگیا، ندی نالوں میں طغیانی کی صورت حال ہے اور متعدد رابطہ سڑکیں بہہ گئی ہیں۔

بارشوں کے باعث کوئٹہ، گوادر، چاغی، پسنی اور لسبیلہ سمیت متعدد شہروں میں نشیبی علاقے ڈوب گئے، چمن سمیت کئی علاقوں میں رابطہ سڑکیں بہہ جانے سے دیہاتوں اور شہروں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ سیلابی صورت حال کے باعث گوادر کا کراچی سے بھی زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے، گوادر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ پھر شروع ہوگیا۔

  بلوچستان میں تیز ہواؤں سے گھروں پر لگے سولر پینل اڑ گئے، اس دوران نو کچے مکانات تباہ ہوئے جبکہ تینتیس گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔

سیلابی ریلے سے گیس پائپ لائن کو نقصان پہنچنے کے باعث زیارت کو گیس کی فراہمی معطل ہو گئی۔

بلوچستان میں بارش کے باعث درجہ حرارت گرنے سے سردی میں اضافہ ہوگیا ہے، زیارت میں درجہ حرارت 5 ڈگری اور کوئٹہ میں 11 ہوگیا ہے۔

کوئٹہ کو تفتان سے ملانے والی ریلوے لائن کئی علاقوں میں بہہ گئی جس کی مرمت تاحال شروع نہیں کی جاسکی۔

حالیہ بارشوں سے اب تک 9افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ جمعے تک جاری رہنے کا امکان ہے، اس دوران مزید طوفانی ہوائیں اور شدید بارشیں ہوسکتی ہیں۔ کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی آج سے بارش کا امکان ہے۔

 
 

Watch Live Public News