شہباز شریف عملی تعاون کیلئے پرعزم ہیں: چین

شہباز شریف عملی تعاون کیلئے پرعزم ہیں: چین
چین کی وزارت خارجہ نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پاک چین دوطرفہ تعلقات اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کے حوالے سےمتعدد مواقع پر ادا کئے گئے الفاظ کو سراہا ہے۔ ترجمان وانگ وین بن نے اے پی پی کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ “ وزیراعظم شہباز شریف نے متعدد بارچین پاکستان تعلقات اور سی پیک کے حوالے سے بہت حوصلہ افزا بات کی ہے، وہ دونوں ممالک کے درمیان عملی تعاون کے لیے بہت پرعزم ہیں، چین اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتاہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے چینی روزنامے گلوبل ٹائمز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے پاک چین تعلقات، علاقائی اور عالمی حالات، سی پیک اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی آئندہ 20ویں نیشنل کانگریس (سی پی ای سی) جیسے موضوعات پر بات کی۔ ترجمان وانگ وین بن نے کہا کہ سی پیک ایک اقتصادی اقدام ہے جو علاقائی روابط، امن، استحکام اور ترقی کو فروغ دینے کے لیے سازگار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ “ چین ہمارے دونوں رہنماؤں کے درمیان مشترکہ مفاہمت پر عمل کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے۔”انہوں نے کہا کہ موجودہ منصوبوں کی درست اور مستحکم تعمیر اور آپریشن کو یقینی بنانے کی بنیاد پر، دونوں ممالک صنعتوں، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں تعاون پر توجہ مرکوز کریں گے تاکہ سی پیک کو بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت شاندارمنصوبے میں بدلا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر شی جن پنگ کی مضبوط قیادت میں چین نے شاندار ترقیاتی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ترجمان نے اس یقین کا اظہار کیا کہ 20ویں پارٹی کانگریس کا کامیاب انعقاد مستقبل میں چین کی ترقی کے لیے ایک نئے خاکے کی راہ ہموار کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ “یہ یقینی طور پر اور پاکستان سمیت دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ چین کے تعاون کو فروغ دے گا اور بنی نوع انسان کی ترقی میں مثبت کردار ادا کرے گا۔”

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔