اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے چیف الیکشن کمشنر کی برطرفی برطرفی کے لئے ریفرنس سپریم جوڈیشل کونسل میں دائر کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ریفرنس میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ جانبدار ہیں اور مبینہ جانبداری کی وجہ سے وہ اس عہدے کے اہل نہیں ہیں، اس لیے چیف الیکشن کمشنر کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا جائے۔ تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چودھری نے ریفرنس دائر کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کی ، انہوں نے کہا کہ میں نے ریفرنس دائر کر کے قوم کا قرض چکا دیا ہے لیکن اب فیصلہ سپریم جوڈیشل کونسل نے ہی کرنا ہے۔ خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے ہی سکندر سلطان راجہ کو چیف الیکشن کمشنر تعینات کیا تھا اور اب تحریک انصاف اپنے ہی لگائے گئے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ریفرنس دائر کر رہی ہے۔ گذشتہ روز بھی عمران خان نے بنی گالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر پر الزامات لگائے تھے۔