لیونل میسی کا ریٹائر منٹ سے متعلق بڑا اعلان

لیونل میسی کا ریٹائر منٹ سے متعلق بڑا اعلان
ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے فیفا ورلڈکپ 2022 جیتنے کے بعد ریٹائرمنٹ سے متعلق بڑ اعلان کر دیا ہے ۔ فٹبال کی دنیا کے معروف کھلاڑی لیونل میسی نے اکتوبر میں یہ کہا تھا کہ فیفا ورلڈکپ 2022 کا فائنل ان کے کیریئر کا آخری ورلڈکپ ہوگا ، برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایک انٹرویو میں 35 سالہ فٹبالر لیونل میسی نے کہا تھا کہ اتوار کو ہونے والا ورلڈکپ فائنل اُن کا اپنے ملک کی جانب سے آخری ورلڈکپ میچ ہی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میں خوش بھی ہوں کہ اس میگا ایونٹ میں میرا سفر فائنل میں ختم ہو رہا ہے اور یہ میرے لیے اطمینان بخش بات بھی ہے۔ لیونل میسی کا کہنا تھا کہ اگلے ورلڈکپ میں 4 سال کا عرصہ ہے اور اس لیے میرا نہیں خیال کہ میں آئندہ ورلڈکپ کھیل سکوں گا، ورلڈکپ کا اس طرح سے اختتام کرنا زبردست ہے۔ان کے اس بیان کے بعد سے فٹبال شائقین کا خیال تھا کہ وہ میسی کو ارجنٹینا کی جانب سے دوبارہ کھیلتے ہوئے بھی نہیں دیکھ سکیں گے۔ تاہم فیفا ورلڈکپ کےفائنل میں فرانس کے خلاف کامیابی کے بعد میسی نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ' میں ارجنٹینا کی نیشنل ٹیم سے ریٹائر نہیں ہورہا، چاہتا ہوں کہ میں چیمپئن کی طرح مزید کھیلتا رہوں'۔ خیال رہے کہ اتوار کے روز قطر کے شہر لوسیل کے اسٹیڈیم میں کھیلا گیا فائنل اپنے مقررہ وقت میں ہی میچ 2-2 سے جب کہ اضافی وقت میں 3-3 سے برابر ہوا تاہم میچ کا فیصلہ پینالٹی ککس پر ہوا تھا ، ارجنٹینا نے 2-4 سے کامیابی حاصل کی تھی ۔ ارجنٹینا نے فرانس کو شکست دے کر تیسری بار ورلڈکپ جیت لیا ہے ، لیونل میسی فیفا ورلڈکپ 2022 کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔