منحرف اراکین واپس آجائیں، معاف کردوں گا

منحرف اراکین واپس آجائیں، معاف کردوں گا
وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں فیصلہ کن وقت آچکا ہے، ایک طرف ملک کے نامور ڈاکو اکٹھے ہوگئے، دوسری طرف ان کے خلاف 25 سال سے جدوجہد کرنے والا شخص ہے، منحرف اراکین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو ارکان غلطی کر بیٹھے ہیں، آپ واپس آجائیں، میں آپ کو معاف کردوں گا، آپ کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائےگی۔اپنے بچوں کی خاطر ایسی غلطی نہیں کریں، ووٹ بیچ کر آپ بدنام ہوجاؤ گے، کوئی شخص اپ کے بچوں سے تعلق قائم نہیں رکھنا چاہےگا۔ خیبر پختونخوا (کے پی) کے علاقے مالاکنڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر عظم عمران خان نے کہا کہ نامور ڈاکو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایم این ایز کو خریدنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے منحرف کارکنان کے لیے کہا کہ وہ لوٹے نہیں بن رہے بلکہ ضمیر فروش بن رہے ہیں۔سندھ ہاؤس میں ضمیر فروشوں نے منڈی لگائی ہوئی ہے، آگر اس معاشرے کو بچانا ہے تو پوری قوم کو ان ضمیر فروشوں اور کرپٹ نظام کے خلاف سب کو نکلنا ہوگا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ لوٹے اور ضمیر فروش میں فرق ہوتا ہے، جدھر اقتدار ہوتا ہے لوٹا ادھر چلاجاتا ہے، ضمیر فروش پیسے لے کر اپنے ملک اور جمہوریت کا سودا کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر میں نے اپنے ایم این ایز کو رشوت دے کر حکومت چلانی ہے، “میں لعنت بھیجتا ہوں ایسی حکومت پر “ وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ ماضی میں جب چھانگا مانگا کی سیاست کی گئی اس وقت ملک میں سوشل میڈیا نہیں تھا، اب چھانگا مانگا کے دن چلے گئے، عوام اب تینوں مسخروں کے چہرے جانتے ہیں. میں اپنی حکومت بچانے کے لیے لوگوں کے ضمیر نہیں خریدوںگا، عوام کا پیسہ چوری کرکے حکومت بچانے سے بہتر ہے کہ میری حکومت چلی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرے ملک کی خارجہ پالیسی وہ ہوگی جو اس قوم کے حق اور مفاد میں ہو، پاکستان مزید کسی کی غلامی کا متحمل نہیں ہوسکتا، افغانستان کے خلاف اڈے مانگنے پر ایبسلوٹلی ناٹ کہا تھا، شہباز شریف نے تجویز دی کہ مجھے ایبسلوٹلی ناٹ نہیں کہنا چاہیے تھا،امریکی جنگ میں پاکستان کو 100 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا، امریکا سے کہا امن میں ساتھ دیں گے جنگ میں نہیں.
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔