جنیوا ( پبلک نیوز ) اقوام متحدہ عرب امارات کی حکومت سے کہا ہے کہ دبئی کے حکمران کی بیٹی شہزادی لطیفہ کے زندہ ہونے کے ثبوت فراہم کئے جائیں ٗ جن کو مبینہ طور پر دبئی کے حکمران نے قید میں رکھا ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق جنیوا سے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے مبصرین کی طرف سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں مطالبہ کیا ہے کہ شہزادی لطیفہ کو فوری طور پر رہا کیا جائے ٗ شہزادی سے متعلق معلومات فراہم کی جائے کہ وہ زندہ ہیں یا کس حال میں ہیں ۔اس سے قبل گزشتہ ماہ کی پانچ تاریخ کو شہزادی لطیفہ کے زندہ ہونے کے حوالے سے اقوام متحدہ کی طرف سے یو اے ای سے ابتدائی درخواست کے ذریعے ثبوت مانگے گئے تھےجس کے دوران میں یو اے ای نے تاحال کوئی جواب نہیں دیا ہے۔ اقوام متحدہ نے کہا کہ بغیر کسی تاخیر کے واضح اور ٹھوس معلومات فراہم کی جائیں ٗ ہمیں شہزادی کے بارے میں خطرات لاحق ہیں ٗ کیونکہ فروری میں شہزادی لطیفہ کی جو ویڈیو منظر عام پر آئی تھی اس میں انہوں نے اپنے بنیادی حقوق سلب ہونے کی بات کی تھی ۔