ویب ڈیسک: ایران میں پاکستانی زائرین کی بس کو حادثہ پیش آگیا، جس کے نتیجے میں 28 زائرین جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق پاکستانی زائرین کی بس کو ایرانی شہر یزد میں حادثہ پیش آیا، جہاں زائرین کی بس دہشیر تفتان چیک پوائنٹ کے سامنے الٹ گئی اور بس میں آگ لگ گئی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق حادثے میں 28 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے ہیں، حادثے کا شکار بس میں 53 زائرین سوار تھے۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں اور لاشوں کو بس سے نکال کر مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا جبکہ حادثے کے بعد یزد کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ لاڑکانہ سے 110 زائرین کا قافلہ 2 بسوں میں ایران روانہ ہوا تھا، قافلے کی ایک بس گوادر ایران سرحدی علاقے رمدان میں موجود ہے۔
صدرمملکت کا المناک حادثے پر اظہار افسوس:
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایران میں پاکستانی زائرین کی بس کے المناک حادثے پر دلی رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ صدر مملکت نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے۔
صدر مملکت نے جاں بحق افراد کے لئے دعا مغفرت، لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
صدر مملکت نے وزارت خارجہ کو میتوں کو پاکستان لانے، زخمیوں کو بروقت امداد پہنچانے کی ہدایت بھی کی ہے۔
وزیراعظم کا بس حادثے پراظہار افسوس:
وزیراعظم شہباز شریف نے ایران میں بس حادثے میں زائرین کی اموات پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران کے علاقے یزد کے قریب بس حادثے میں پاکستانی زائرین کی اموات پر بہت افسردہ ہوں۔ زخمیوں کی فوری صحتیابی کے لئے دعا گو ہوں۔ متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کے لئے تہران میں اپنے سفارت خانے کو ہدایات دی ہیں۔
مریم نواز کا اظہار افسوس:
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاڑکانہ سے ایران جانے والی بس کو حادثہ پیش آنے سے درجنوں زائرین کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر اظہار افسوس کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی و تعزیت بھی کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے زخمی زائرین کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں حکومت پنجاب متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے-
گورنر پنجاب کا اظہار افسوس:
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے لاڑکانہ سے ایران جانے والی زائرین کی بس کو ایران کے شہر یزد کے قریب ٹریفک حادثے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے۔
گورنر پنجاب نے حادثے میں شہید ہونے والے زائرین کے لواحقین سے اظہار تعزیت بھی کیا ہے۔
سردار سلیم حیدر کا کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں تمام تر ہمدردیاں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ گورنر پنجاب نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی کا اظہار افسوس:
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایران کے شہر یزد میں المناک بس حادثہ میں 35 پاکستانی زائرین کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جاں بحق ہونے والے زائرین کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ایران میں بس حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بہت دکھ ہوا ہے۔ تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ ہیں۔ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو کی پبلک نیوز سے ٹیلیوفونک گفتگو:
تہران میں پاکستان کے سفیر مدثر ٹیپو نے پبلک نیوز سے ٹیلی فونک گفتگو کی ہے۔ پاکستانی سفیر نے بتایا کہ حادثہ پیش آنے والی بس میں 51 مسافر سوار تھے۔ بس کو حادثہ تہران سے 700 کلو میٹر دور یزد میں پیش آیا۔ یزد بس حادثے کی وجہ بس کا اوور سپیڈ کر کے بریک فیل ہونا تھا۔
مدثر ٹیپو نے بتایا کہ اوور سپیڈنگ کی وجہ بس ایک سکول کی دیوار سے ٹکرائی۔ یزد حادثے میں 28 پاکستانی شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ یزد حادثے میں 23 پاکستانی زخمی ہیں۔ متعد زخمیوں کی حالت نازک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی سفارتخانے نے اطلاع ملتے ہی ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کرکے ایرانی حکام سے رابطہ کیا۔ ایرانی وزارت خارجہ کے حکام اور یزد کی مقامی حکومت سے بھی رابطے میں ہیں۔ زخمیوں کی ہرممکن مدد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پاکستانی سفارتی حکام کو زخمیوں کی مدد کے لئے تہران سے روانہ کردیا گیا۔
بلاول بھٹو زرداری کا اظہار افسوس:
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایران میں پاکستانی زائرین کی گاڑی کو حادثہ پر اظہارِ رنج و غم کیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستانی زائرین کی گاڑی کو حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دل رنجیدہ ہے۔ المناک حادثے میں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔ وزارتِ خارجہ اور تہران میں پاکستانی سفارتخانہ کے متعلقہ حکام متاثرہ خاندانوں سے رابطے میں رہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ امید ہے، جاں بحق پاکستانی شہریوں کی لاشیں وطن لانے کے لیے متعلقہ حکام و ادارے اپنی ذمہ داری نبھائیں گے۔ امید ہے، ایران حادثہ میں زخمی پاکستانیوں کے بہتر علاج معالجے کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایران میں جاں بحق پاکستانیوں کے لیے بلندیِ درجات کی دعا کی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا اظہار افسوس:
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایران میں پاکستانی زائرین کو حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔ ایران میں روڈ حادثے میں جانی نقصان ہونے پر انتہائی افسوس ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایران میں روڈ حادثے میں شہید افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبائی وزیر ناصر شاہ کو ہدایت کی کہ ایران میں متاثر خاندانوں کی مدد کی جائے۔ کراچی میں ایران کے قونصل جنرل سے رابطہ کیا جائے۔ حادثے میں جاںبحق ہونے والوں کی جسد خاکی لانے کا انتظام کریں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے چیف سیکریٹری کو احکامات جاری کیے کہ وزارت خارجہ سے رابطہ کریں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے بیان میں کہا کہ وزارت خارجہ سے جسد خاکی کی واپسی کیلئے اقدامات کرے۔
چیف سیکرٹری کو ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ واپسی کیلئے سفری سہولیات کا بندوبست کیا جائے۔