نامور صحافی، تجزیہ نگار و کالم نویس نذیر ناجی انتقال کرگئے

نامور صحافی، تجزیہ نگار و کالم نویس نذیر ناجی انتقال کرگئے
کیپشن: Nazir Naji
سورس: ویب ڈیسک

ویب ڈیسک: نامور صحافی، تجزیہ نگار و کالم نویس نذیر ناجی علالت کے بعد 81 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

تفصیلات کے مطابق نذیر ناجی لاہور کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ نذیر ناجی کو صحافتی خدمات کے اعتراف میں ’ہلال امتیاز‘ سے بھی نوازا گیا تھا۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے نذیر ناجی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی شعبہ صحافت کے لیے خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ نذیر ناجی مرحوم کی صحافتی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے سینیئر صحافی نذیر ناجی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا، کہا کہ  نذیر ناجی کہنہ مشق صحافی، بلند پایہ دانشور اور اعلی اوصاف کی حامل شخصیت تھے۔ 

ان کی رحلت سے علم و ادب اور فن کالم نویسی کا درخشندہ باب بند ہو گیا۔ نذیر ناجی ہمہ جہت اور حالات حاضرہ پر گہری نظر رکھتے تھے۔  انہوں نے جدید طرز فکر پر مبنی کالم نویسی سے اپنا الگ مقام پیدا کیا ۔

اللہ کریم  ان کے درجات بلند کرے اور ان کی اگلی منازل آسان فرمائے۔ان کے اہل خانہ اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل کے لئے دعا گو ہوں۔