شہری احتیاط کریں، کورونا پھیلنے لگا، 23 جاں بحق

شہری احتیاط کریں، کورونا پھیلنے لگا، 23 جاں بحق
لاہور: (ویب ڈیسک) عالمی وبا کورونا وائرس نے ایک بار پھر پاکستان میں اپنے پنجے گاڑ لئے ہیں۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اس موذی مرض میں مبتلا 23 شہری جاں بحق ہو گئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ روز ملک بھر میں 7678 مثبت کورونا کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ جمعرات کے روز 59 ہزار 343 پاکستانی شہریوں کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے مثبت کیسوں کی شرح 13 فیصد کے قریب ریکارڈ کی گئی۔ یاد رہے کہ 13 جون 2021ء کو پاکستان میں 6825 مثبت کیس رپورٹ ہوئے تھے تاہم اس کے بعد یہ شرح بتدریج گرنا شروع ہو گئی تھی۔ اس کو دیکھتے ہوئے ملک بھر میں پابندیوں کو نرم کر دیا گیا تھا۔ https://twitter.com/OfficialNcoc/status/1484335770530086912?s=20 این سی او سی کے مطابق گذشتہ روز کورونا وائرس کا شکار 23 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ اس وقت 961 مریض آئی سی یو میں زیر علاج زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔ کورونا مثبت کیسز کی 10 فیصد شرح والے شہروں میں عارضی پابندیوں کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔ اسلام آباد، کراچی اور حیدر آباد میں اِن ڈور ڈائننگ پر مکمل پابندی عائد کی جا چکی ہے۔ دوسری جانب صوبہ پنجاب میں کورونا ایک بار پھر تیزی سے پھیلنے لگا ہے۔ گذشتہ روز 1800 سے زائد کیسز ریکارڈ کئے گئے۔ حکومت کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کورونا کی مکمل احتیاط کو یقینی بنائیں۔ صرف ویکسی نیشن اور احتیاط کے ذریعے ہی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روک سکتے ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے کورونا کے 1,886 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ ان میں سے لاہور میں 1,238 جبکہ راولپنڈی سے 347 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ https://twitter.com/OfficialNcoc/status/1484398061661167616?s=20 اس دوران فیصل آباد سے 53، ملتان سے 48، سیالکوٹ سے 38، گوجرانولہ سے 18، شیخوپورہ سے 17، بہاولپور سے 14، سرگودھا سے 12 جبکہ رحیم یار خان سے کورونا کے 11 اور خوشاب سے 10 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ساہیوال، قصور اور گجرات سے کورونا کے 7 سات جبکہ وہاڑی، مظفر گڑھ، میانوالی، چکوال اور خانیوال سے 5 پانچ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اٹک اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سے 4 چار جبکہ بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، جہلم، جھنگ، ننکانہ صاحب، نارووال اور پاکپتن سے 3 تین کیسز رپورٹ ہوئے۔ جمعرات کے روز صوبہ بھر کے تمام شہروں میں کورونا کے مثبت کیسز کی مجموعی شرح 9.1 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ لاہور میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 17.9 فیصد، راولپنڈی میں 17.5 فیصد، فیصل آباد میں 5.6 فیصد، ملتان سے 4.9 فیصد جبکہ گوجرانولہ سے 1.4 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ صوبہ بھر میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی کل تعداد 14,190 ہو گئی ہے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں کورونا کے باعث لاہور، راولپنڈی اور سرگودھا سے 1 ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔ شہری کورونا کے خلاف خصوصی حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں۔