لاہور: پاکستان کی ابھرتی ہوئی اداکارہ رابعہ کلثوم نے کہا ہے کہ والدہ کا شوبز انڈسٹری سے تعلق کا مجھے کوئی بھی فائدہ نہیں ہوا بلکہ خود محنت کر کے اس مقام پر پہنچی ہوں۔ حال ہی میں اداکارہ رابعہ کلثوم نے نجی ٹی وی شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف موضوعات سمیت اپنے کیریئر کے حوالے سے بھی کھل کر گفتگو کی۔ شوبز میں قدم رکھنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے رابعہ کلثوم کا کہنا تھا کہ والدہ نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ وہ کسی سے میری سفارش نہیں کریں گی، میں نے اس پروفیشن کا انتخاب کیا ہے اس لیے مجھے خود محنت کرنی ہے، میں آج جس مقام پر ہوں اس کے پیچھے میری اپنی محنت ہے والدہ کے انڈسٹری سے تعلق کا مجھے کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ والدہ کی وجہ سے مجھے اگر فائدہ ہوتا تو میں کسی بڑے چینل اور مرکزی کردار سے اپنے کیریئر کا آغازکرتی لیکن میں نے سپورٹنگ کرداروں سے اپنا سفر شروع کیا اور آج بھی وہی کر رہی ہوں۔ اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ میرے شوہر نے بھی شوبز انڈسٹری میں قدم رکھ دیا ہے ، اب ہم ایک ساتھ ایک ڈرامے کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جو جلد ٹی وی پر نشر ہوگا۔ خیال رہے کہ رابعہ کلثوم ٹیلی ویژن کی نامور سینئر اداکارہ پروین اکبر کی بیٹی،اداکار فیضان شیخ کی بہن اور اداکارہ ماہم عامر ان کی بھابھی ہیں.