مشہور اداکار محمد نورالحسن کی بیرون ملک سے نئی ویڈیو وائرل

مشہور اداکار محمد نورالحسن کی بیرون ملک سے نئی ویڈیو وائرل
کیپشن: Famous actor Muhammad Noorul Hasan's new video from abroad is viral

ویب ڈیسک: پاکستانی ٹی وی انڈسٹری کے مشہور اداکار محمد نورالحسن کی بیرون ملک سے ایک نئی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق نورالحسن ان دنوں ترک ڈرامے کی شوٹنگ کے سلسلہ میں ترکیہ میں موجود ہیں۔ جہاں سے انہوں نے ایک ویڈیو جاری کی ہے۔ جو کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

مشہور اداکار نے ویڈیو کے عنوان میں لکھا ہے کہ : ‘’پاک ترکیہ دوستی زندہ باد’’

اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے بتایا ہے کہ وہ اس وقت ترکیہ کے شہر قونیہ میں موجود ہیں۔ جہاں وہ ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے سلسلہ میں آئے ہیں۔ اداکار نے اپنے بیان میں بتایا کہ یہ شہر خاموشی کا شہر ہے اور انہوں نے اپنے دوست سے سنا تھا کہ یہ کعبۃ الکشاق ہے۔ 

اداکار نے کہا کہ پاکستان کے لیے وہ ہر وقت دعاگو ہیں۔ پاکستان کے خیرخواہوں اور پاکستان کیلئے تکلیف اٹھانے والوں کیلئے دعاگو ہیں۔ انہوں نے ویڈیو بیان میں کہا کہ مظلوم کی آہ سے بچنا چاہیے اور اس کی دعا لینی چاہیے۔ 

انہوں نے ایک سوال اٹھایا کہ جو صفائی ہم یہاں ترکیہ میں ہر وقت دیکھتے ہیں کیا یہ ہم اپنے ملک میں بھی دیکھ سکتے ہیں؟ ویڈیو بیان میں انہوں نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے پر اظہار افسوس بھی کیا۔ 

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سنا تھا کہ پاکستان ایران اور ترکیہ میں ٹرین سروس چلائی جانی تھی لیکن کچھ تبدیلیوں کی وجہ سے ایسا ممکن نہ ہوسکا لیکن سوال یہ ہے کہ تبدیلیوں کی زد میں ہم ہی کیوں آجاتے ہیں؟ 

مشہور اداکار نے اپنے بیان میں خصوصی طور پر عمران خان کی قربانیوں اور جدوجہد کا ذکر کیا کہ وہ بہت جدوجہد کررہے ہیں۔ اللہ ان کو ہمت دے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ڈاکٹریاسمین راشد کا بھی ذکر کیا کہ ان کی عمر 78 سال ہے اور میرے جیسے بہت سے لوگ ان کی ہمت پر قربان ہیں۔ یہ مسئلہ سیاسی جماعت کا نہیں ہے۔ یہ مسئلہ ہمت و استقامت کا ہے۔

انہوں نے پیغام دیا کہ سب اکٹھے ہوں۔ درگزر اور کشادہ دلی سے کام لیں۔ ہٹ دھرمی کسی کی بھی ہو اچھی نہیں ہے۔ بےایمانی کی کوئی گنجائش نہیں۔ جو مینڈیٹ جس کو ملا ہے وہ اسے ملنا چاہیے۔ 

Watch Live Public News