ویب ڈیسک: غزہ میں اسرائیلی فورسز کے وحشیانہ حملے جاری رہے، صیہونی فوج کھنڈر بنے غزہ کو قبرستان بنانے پر تل گئی۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فورسز کے حملوں میں 24 گھنٹے میں مزید 32 فلسطینی شہید جبکہ 54 زخمی ہو گئے، جبالیہ میں اسرائیلی فضائی حملے میں ایک ہی خاندان کے 7 بچوں سمیت 12 فلسطینی شہید ہوگئے، شہدا کی مجموعی تعداد 45 ہزار 259 ہوگئی، 1 لاکھ 7 ہزار 627 فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔
اسرائیلی فورسز نے کمال عدوان ہسپتال پر مزید حملے شروع کر دیئے، ہسپتال کی عمارت کو بارود سے اڑانے کی دھمکی دیدی، غزہ میں حماس کے حملے میں 5 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے، ایک ٹینک تباہ کر دیا۔
ترجمان یونیسیف کے مطابق غزہ قبرستان میں تبدیل ہو گیا، غزہ کے بچے سردی، بیماری اور صدمے کا شکار ہیں، 96 فیصد خواتین اور بچے غذائی ضروریات سے محروم ہیں۔
حماس حکام کا کہنا ہے غزہ میں تمام گروپس جنگ بندی معاہدے کے قریب ہیں، اسرائیل جنگ بندی کیلئے نئی شرائط پیش نہ کرے، اسلامی جہاد اور پاپولر فرنٹ کے ساتھ جنگ بندی معاہدے پر بات چیت جاری ہے۔