ورلڈ جونیئر اسنوکر چیمپئن شپ، بھارت نے پاکستان کو ویزا جاری نہیں کیا

ورلڈ جونیئر اسنوکر چیمپئن شپ، بھارت نے پاکستان کو ویزا جاری نہیں کیا

ویب ڈیسک: بھارت کی جانب سے ویزا جاری نہ ہونے پر پاکستان کی اسنوکر ٹیم ورلڈ جونیئر اسنوکر چیمپئن شپ میں شرکت سے محروم رہ گئی ہے۔

پاکستان بلیئرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن (پی بی ایس اے) نے اس صورتحال کی تصدیق کرتے ہوئے کھلاڑیوں کیلئے اہم موقع ضائع ہونے پر گہری مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

ایونٹ کیلئے پاکستانی دستے میں پی بی ایس اے کے چیئرمین عالمگیر اے شیخ، ریفری نوید کپاڈیہ اور تین کھلاڑی—احسن رمضان، محمد حسنین اختر، اور محمد حمزہ الیاس—شامل تھے۔

پاکستانی کھلاڑیوں کو بنگلور میں آج سے ہونے والے آئی بی ایس ایف ورلڈ انڈر 17 اور انڈر 21 سنوکر چیمپئن شپ میں شرکت کرنا تھی ۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے پاکستانی دستے کو شرکت کی اجازت مل چکی تھی تاہم بھارتی حکام نے پاکستان ٹیم کیلئے کلیرنس جاری نہیں کی۔

پی بی ایس اے کے ترجمان نے کہا ہے کہ یہ نہ صرف پاکستان اسنوکر ٹیم بلکہ بین الاقوامی اسنوکر برادری کے لیے بھی ایک بڑا مایوس کن امر ہے۔

پی بی ایس اے کا کہنا تھا کہ ایونٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں کے میڈلز جیتنے کے امکانات بہت زیادہ تھے اور ان کی عدم شرکت انتہائی مایوس کن ہے۔

پی بی ایس اے نے بھارت کی بلیئرڈز اینڈ اسنوکر فیڈریشن اور انٹرنیشنل بلیئرڈز اینڈ اسنوکر فیڈریشن (آئی بی ایس ایف) کے خلاف باضابطہ احتجاج رکارڈ کیا ہے۔

Watch Live Public News