(ویب ڈیسک) چیٹ جی پی ٹی میں صارفین کی پرائیویسی مزید بہتر بنانے کے لیے ایک نئے فیچر کی تیاری کا انکشاف ہوا ہے، جس کے ذریعے حساس چیٹس کو پن کوڈ یا فنگر پرنٹ کے ذریعے لاک کیا جا سکے گا۔
اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق چیٹ جی پی ٹی کی اینڈرائیڈ ایپ میں ’’لاک چیٹس‘‘ اور ’’پروٹیکٹ چیٹس‘‘ سے متعلق حوالہ جات سامنے آئے ہیں، جن سے اندازہ ہوتا ہے کہ کمپنی صارفین کو مخصوص گفتگو کو اضافی سیکیورٹی فراہم کرنے کی سہولت دینے پر کام کر رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کسی چیٹ کو لاک کرنے کے بعد اس کا ٹائٹل اور مواد سائیڈ بار، چیٹ ہسٹری اور سرچ نتائج میں بھی ظاہر نہیں ہوگا۔ اس طرح حساس معلومات پر مشتمل گفتگو کو دوسروں کی نظروں سے محفوظ رکھا جا سکے گا۔
چیٹ جی پی ٹی میں پہلے ہی ’’ٹیمپریری چیٹ‘‘ کا آپشن موجود ہے، جس میں گفتگو چیٹ بند ہونے کے بعد اکاؤنٹ کی ہسٹری میں ظاہر نہیں ہوتی۔ تاہم لاک چیٹس کا مقصد حساس گفتگو کو مستقل طور پر محفوظ رکھتے ہوئے اس تک رسائی محدود کرنا ہوگا۔
ابھی تک اس ممکنہ فیچر کے بارے میں تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ یہ بھی واضح نہیں کہ لاک کی گئی چیٹس پر چیٹ جی پی ٹی کے میموری اور ری کال فیچرز کس طرح کام کریں گے۔
اسی طرح کمپنی کی جانب سے یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ لاک چیٹس کا فیچر صارفین کے لیے باضابطہ طور پر کب متعارف کرایا جائے گا۔