پنجرہ پُل: نگراں وزیراعظم نے بلوچستان کے گلوکار کی فریاد سُن لی

پنجرہ پُل: نگراں وزیراعظم نے بلوچستان کے گلوکار کی فریاد سُن لی
پنجرہ پُلکی تعمیر کے لیے بلوچستان کے گلوکار کی فریاد نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سُن لی ہے۔ انوار الحق کاکڑ کی جانب سے پنجرہ پل کی تعمیرنو کے لئے متعلقہ اداروں کو احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔نگراں وزیراعظم نے کہا کہ بہت جلد بلوچستان کے عوام کا یہ دیرینہ مسئلہ حل ہو جائے گا۔ خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے گیت میں ’وزیراعظم کاکڑ صاحب پنجرہ پل بناؤ، بلوچستان دھرتی سے اپنا فرض نبھاؤ‘ کی بازگشت صرف بلوچستان میں ہی سنائی نہیں دی گئی بلکہ ملک بھر میں اس گیت کے چرچے بھی ہو رہے ہیں جس میں ملک کے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو مخاطب کرتے ہوئے صوبے میں سیلاب میں بہہ جانے والے پنچرہ پل کی تعمیر کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ گذشتہ برس آنے والے سیلاب میں پنچرہ پل بہہ گیا تھا جس کے بعد ایک برس سے زیادہ عرصہ گزرنے اور سابق وزیراعظم شہباز شریف اور سابق وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو کی جانب سے پل بنانے کے وعدے کے باوجود پل نہ بننے پر مقامی شہریوں کی بے چینی بڑھ رہی ہے جس کا اظہار اس گیت میں بھی کیا گیا ہے۔ گلوکار گل میر جمالی بلوچستان کی نصیرآباد ڈویژن کے ہیڈکوارٹرز ڈیرہ مراد جمالی سے تعلق رکھتے ہیں اور انہوں نے اپنے اس گیت میں نگران وزیراعظم کی توجہ سیلاب سے متاثرہ عوام اور پنجرہ پل کی عدم تعمیر کی وجہ سے مقامی آبادی کیلئے پیدا ہونے والی مشکلات کی جانب دلائی تھی ۔ گلوکار بھی سیلاب متاثرین میں شامل ہیں اور انہوں نے یہ گیت گا کر منفرد انداز میں اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا تھا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔