وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کی ضلع سبّی میں ایف سی کی پٹرولنگ پارٹی پر دہشت گردی کی شدید مذمت، کہا دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے، ریاست پوری طاقت سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرے گی، ایف سی بلوچستان نے ملکی سلامتی اور حفاظت کے لئے عظیم قربانیاں دی ہیں۔سبی کے علاقے سنگن میں ایف سی پٹرولنگ پارٹی پر دہشت گردوں کا حملہ، آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے حملے میں 5 ایف سی جوان شہید ہوگئے، ایف سی کی جوابی کارروائی میں دہشتگردوں کو بھاری نقصان پہنچا، سکیورٹی فورسز کا علاقے میں سرچ آپریشن جاری، دہشت گردوں کے فرار کی راہیں مسدود کی جارہی ہیں۔سندھ میں زرداری خاندان کی آمریت نافذ ہے، فوادچودھری کی سندھ حکومت پر تنقید، کہا جمہوریت کا ورد پیپلز پارٹی سے 24گھنٹے سن لیں، لیکن جمہوری اصولوں کی کم از کم پاسداری بھی اگر کسی صوبے میں نہیں تو وہ سندھ ہے، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی پر قبضے کے بعد اب اپوزیشن لیڈر کو بجٹ پر تقریر کرنے سے بھی روک دیا گیا ہے، یہ زرداری جمہوریت کا نیا رنگ ہے۔معاشی دہشتگردی کے ہاتھوں جمہوری اقدار کا جنازہ نکالا گیا، اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ سندھ حکومت پر برس پڑے، کہا آج اسمبلی میں جمہوریت کا انتقال ہوگیا، پی پی والے بی بی کے پیروکار نہیں، یہ بےبی کے پیروکار ہیں، حکومتی نمائندوں نے واضح کردیا کہ ان کا سندھ کے عوام سے کوئی تعلق نہیں۔سندھ اسمبلی میں آج نئے سال کا بجٹ پاس ہوگیا، صوبائی وزیراطلاعات سید ناصر حسین شاہ کہتے ہیں اسپیکراسمبلی نے اپوزیشن کو 2 دن دیئے کہ بجٹ تقاریر کریں اور کٹ موشن جمع کرائیں، اپوزیشن نے کوئی کٹ موشن جمع نہیں کرایا، ٹیکس فری بجٹ کی منظوری پر سندھ کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔