لاہور (پبلک نیوز) ایم بی بی ایس کے سال دوم کی امتحان میں بیٹھنے کیلئے طالبہ نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق عزا فاطمہ نے اعجاز اعوان ایڈووکیٹ کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔ درخواست میں وفاقی وزارت صحت، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔وکیل درخواست گزار کا کہنا ہے کہ عزا فاطمہ نے ایم بی بی ایس کا سال اول کا امتحان پاس کیا مگر نتیجے میں تاخیر کی بنا پر سال دوئم کی کلاسز لینے سے منع کر دیا گیا۔ ایم بی بی ایس کے سال دوئم کا امتحان دینے سے بھی درخواست گزار کو منع کر دیا گیا ہے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی جانب سے تاخیر سے نتیجہ جاری کرنے پر درخواست گزار کو امتحان دینے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ فریقین کے ہتھکنڈوں کی وجہ سے درخواست گزار کا قیمتی تعلیمی سال ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔استدعا کی گئی ہے کہ درخواست گزار عزا فاطمہ کو ایم بی بی ایس سال دوئم کے امتحان میں بیٹھنے کا حکم دیا جائے۔